بہار

جامعہ امّ الہدی پرسونی کواپنی امیدوں سے بڑھ کرپایا: ڈاکٹر مشکور احمد عثمانی

مدھوبنی (قومی ترجمان) 25/دسمبر 2021ء بروز سنیچر دوپہر دو بجے مدہوبنی ضلع کے بسفی بلاک کی مشہوربستی پرسونی میں واقع دینی درس گاہ جامعہ امّ الہدی پرسونی مدہوبنی بہارمیں انسانیت نواز،ملک وملت کے بے لوث خادم ، جواں سال کانگریس لیڈرعزت مآب ڈاکٹر مشکوراحمدعثمانی سابق ایم ایل اے امیدوار حلقہ جالے کی تشریف آوری ہوئی، اس موقع پر سب سے پہلے طالباتِ جامعہ ہذا نے ایک مختصر خوبصورت پروگرام پیش کیا ،من تشاء پروین بنت محمد آفتاب عالم کی خوبصورت تلاوت سے مجلس کا آغاز ہوا،پھربی بی فاطمہ بنت محمد شمیم نے دلکش اندازمیں نعتیہ کلام پیش کیا،اس کے بعد تحسین فاطمہ بنت ڈاکٹر محمد اسد نے شاندار لب ولہجہ میں عربی زبان میں تقریرکی،جب کہ گلشن پروین بنت محمد ممتاز عالم نے عمدہ اسلوب میں انگلش زبان میں تقریر کی۔ماجدہ پروین بنت محمد ابرارنےنظامت کی ذمہ داری بحسن وخوبی سرانجام دی۔اس کے بعد جامعہ ہٰذا کے استاد حدیث وصدرالمدرّسین مفتی اسعداللہ قاسمی مظاہری نے مہمان خصوصی،فضیلت مآب ڈاکٹرمشکوراحمدعثمانی اور دیگر مہمانوں کی جامعہ تشریف آوری پرہدیۂ تہنیت وتبریک پیش کیا اور جامعہ ہذاکاتعارف،اس کی سرگرمیوں،اس کی بنیادی ضرورتوں ،اور اس کے عزائم ومقاصد پرروشنی ڈالی۔

مفتی صاحب نے اپنی تقریر کے دوران کہاکہ یہ جامعہ آج سے چارسال قبل پرسونی بستی کے چشم وچراغ مولانا نوشاد احمد مفتاحی ونثاری اور ان کے رفقاء گرامی نوجوانانِ پرسونی کی صالح فکروں کے نتیجے میں وجود میں آیاہے،جس میں عصری تعلیم کے ساتھ عالمیت کی تعلیم کا مکمل نظم ہے،اور تقریباً ڈھائی سو بچیاں زیرتعلیم ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ یہ جامعہ "الہدی ایجوکیشنل اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ” کے تحت سرگرمِ عمل ہے،اوراسےایک مخلص اوربزرگ عالم دین مولانا صدرعالم صاحب قاسمی صدرجمیعة علماء ہند حلقہ گونڈی ممبئی کی سرپرستی حاصل ہے۔ ابھی تک یہ جامعہ بستی کے کچھ مخلص نوجوانوں کے تعاون سے چل رہاہے،لیکن اس سے بمشکل تمام صرف اساتذہ کی تنخواہیں ہی پوری ہوپاتی ہیں،جب کہ جامعہ کی دیگر ضروریات اس کے ماسواہیں،جن کی تکمیل ناگزیر ہے،

جن میں سرفہرست جامعہ ہذاکی عمارت کی تعمیر کاایک اہم مسئلہ ہے،جو سردست جامعہ کی اولین ترجیح بھی ہے اور توجہ طلب بھی،کیوں کہ جامعہ فی الوقت کرایہ کی کھپراپوش جگہ میں چل رہاہے،جس میں درس گاہوں کے لیے الگ الگ کمروں کی اشدضرورت ہے،جونہیں ہیں،پردوں سے گھیر کر عارضی یومیہ درس گاہیں بنانی پڑتی ہیں۔کافی مشقتوں کے ساتھ اساتذۂ کرام تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔برسات کے زمانے میں یہ مشقتیں دوچند ہوجاتی ہیں،اس لیے اہلِ خيرحضرات سے اس طرف خصوصی توجہ کی پُرزور درخواست ہے۔

صدرالمدرسین کے بعد مہمان ذی وقار ڈاکٹرمشکور احمدعثمانی کا خطاب ہوا،انہوں نے اپنے خطاب میں سب سے پہلے بچیوں کے پروگرام کو خوب سراہا،خصوصًا عربی اور انگریزی زبان میں کی گئی تقاریر پردل کھول کرتعریف کی ،اس کے بعد بچیوں کی تعلیم وتربیت پر خوب زور دیااور اس سلسلے میں ناظمِ جامعہ مولانا نوشاد احمد مفتاحی،ان کے تمام رفقاءِکارنوجوانانِ پرسونی ،چیرمین الہدیٰ ایجوکیشنل اینڈ چیرٹیبل ٹرسٹ جناب نثار احمد،معززاراکینِ شورىٰ،اہالیانِ پرسونی اوراساتذۂ جامعہ کی قربانیوں اور شبانہ وروز کی محنتوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا،ساتھ ہی انہوں نے یہ یقین دلایا کہ فراغت کے بعد اگرکوئی بچی عصری تعلیم میں آگے بڑھنا چاہتی ہے،تواس حوالے سے ہم ان کی ہرممکن مدد کرنے کے‌لیے ہمہ وقت حاضر ہیں،انہوں نے دورانِ گفتگو عمارت کی تعمیر کے سلسلے میں اپنی کوشش کابھی اشارہ دیا،اورساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر آئندہ ہمارے ہاتھ میں طاقت آتی ہے،تو ہماری خواہش ہے کہ آپ لوگوں کے ساتھ مل کر اس جامعہ میں کوئی بڑا پروگرام شروع کیاجائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس جامعہ کوہم نے اپنی امیدوں سے کہیں بڑھ کر پایا۔اس موقع پر مہمان خصوصی ڈاکٹر مشکوراحمد عثمانی اور ان کے دیگر رفقا کے اعزاز و اکرام میں ان کی چادر پوشی وکُلاه پوشی بھی کی گئی،مجلس کے اختتام پرمہمانان عظام اور معزز حاضرین کے لیے ناشتہ کا بھی نظم کیاگیا۔واضح رہے کہ ڈاکٹر مشکوراحمد عثمانی کی جامعہ آمد، پرسونی جنوبی پنجایت کے نومنتخب ہردل عزیزمکھیا شاہد حسین کی دعوت پرہوئی،سراج الصالحین عرف اچھے نے بحیثیتِ کنوینرپروگرام کے انعقاد میں اپنا بیش قیمت کردار اداکیا،اس موقع پر نومنتخب مکھیاشاہدحسین کے علاوہ نومنتخب سرپنچ سرفرازاحمد ،رکن شوری جامعہ ہذامولاناسجاد،رکن شوری جامعہ ہذا مولانا محفوظ الرحمن سلفی،مولانا نجم العارفین ،حافظ بدرالدجی عرف جگنو،ڈاکٹرمحمداسد،حافظ جاوید،انظارالحق قمری،مسیح اللہ ،محمددانش، سراج الصالحین عرف اچھے،اوران کے علاوہ بستی کی اوربھی متعدد سرکردہ شخصیات موجود تھیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button