Uncategorized

الحمد پبلک اسکول ککرالہ بدایوں: تعارف

محمد ارمغان بدایونی ندوی

کل بعد نماز عصر راقم اپنے محب ومکرم ڈاکٹر ضیاء الرحمن صاحب فلاحی کے ہم راہ ان کے اسکول حاضر ہوا، یہاں فی الحال درجہ آٹھ تک کی تعلیم عرصہ سے جاری ہے، سال رواں اسکول میں تعمیراتی کام برق رفتاری کے ساتھ چل رہا ہے، ڈاکٹر صاحب نے بتایا کہ تقریباً تیرہ کمرے بن کر تیار ہوں گے، جن میں کلاس روم کے علاوہ لیب، میٹنگ ہال اور اسٹاف روم قابل ذکر ہیں.

اسکول کا جائے وقوع اور ماحول یقیناً بچہ کی ذہنی وجسمانی نشو ونما کے لیے بہت موزوں ہے، الحمد للہ ڈاکٹر صاحب نے ہر ہر چیز کا فیصلہ کافی غور وخوض کے بعد کیا ہے، کلاسز، زینے، لیب، اسٹاف روم، پرنسپل آفس، کلرک آفس، پارک اور کینٹین وغیرہ سبھی چیزوں کو قرینے سے بنتے دیکھ کر دلی خوشی ہوئی اور امید ہوئی کہ انشاء اللہ یہ اسکول ہمارے علاقہ کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا، ورنہ مادیت کی اس ریس میں آج کل بچوں کے مستقبل کی فکرمندی کم ہی نظر آتی ہے، بلکہ اصل فکر یہ ہوتی ہے کہ ہمارے اسکول میں تعداد کا اضافہ کیسے ہو اور آمدنی کے ذرائع کیسے نکلیں.

مستقبل قریب میں ان کا ارادہ ہے کہ جلد ہی انٹرمیڈیٹ تک کی تعلیم کا بندوبست بھی کیا جائے گا اور اس کے بعد D. Pharma جیسے اہم کورس بھی نظام میں شامل کیے جائیں گے.

ڈاکٹر صاحب کے عزائم بڑے بلند اور نیک ہیں، ان کا زیادہ تر زور تعمیر وترقی کے علاوہ تعلیمی وتربیتی امور پر ہے، انہوں نے اسکول کے لیے ایسا نصاب تعلیم ترتیب دیا ہے جس سے بچہ کی ذہنی نشو ونما اسلامی خط وخال کے مطابق ہو.

ہمارے علاقہ میں اسکولوں کے متعلق ایک بات مشہور ہے کہ قوم کا مزاج مفت خوری اور وظیفہ خوری کا بن چکا ہے، لوگوں کو اپنے بچوں کے مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں، الحمد للہ ڈاکٹر صاحب نے اس ذہنیت کو بھی بڑی حد تک تبدیل کیا ہے، یہاں غریب طبقہ کے لیے خاصی رعایت کی جاتی ہے مگر ان کے اپنے اصول بہت سخت ہیں، بڑی بات یہ ہے کہ اس سب کے باوجود مقامی بچوں کے علاوہ اطراف کے بچوں کی بھی ایک بڑی تعداد یہاں تعلیم حاصل کرتی ہے اور ان کے سرپرستوں کا عمومی تاثر یہ ہے کہ ہمارے بچوں میں یہاں کی تعلیم کا اثر گھریلو زندگی میں صاف نظر آتا ہے جس پر ہم مطمئن ہیں.

اللہ تعالیٰ الحمد پبلک اسکول کے بانیان کو ان کے عزائم میں کامیاب فرمائے اور نظر بد سے محفوظ رکھے. آمین

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button