احرار کا اولین مقصد تاج ختم نبوت کی حفاظت کرنا اور ملک میں آپسی بھائی چارے کو مضبوط کرنا ہے: مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی
مالیر کوٹلہ/لدھیانہ 29/ جنوری (پریس ریلیز)مجلس احرار اسلام ہند صوبہ پنجاب کی نئی یونٹ میں توسیع کرتے ہوئے مجلس احرار اسلام ہند کے قومی صدر، شاہی امام پنجاب حضرت مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے احرار کی پنجاب یونٹ کے لیے نوجوان عالم دین، سماجی کارکن، استاذ حدیث وفقہ مفتی محمد ثاقب قاسمی کو سیکریٹری منتخب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی صدر مجلس احرار اسلام ہند نے کہا کہ 1929ء میں بنائی گئی مجلس احرار اسلام ہند کا بھارت کی جنگ آزادی میں اور انگریزوں کی سازشوں کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تاج ختم نبوت صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی حفاظت کے لیے احرار کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہوں تاکہ قیامت تک خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم کے تاج ختم نبوت کی حفاظت کی جا سکے۔
احرار بھارت کے عظیم الشان اکابرین کی جماعت ہے احرار کا اولین مقصد تاج ختم نبوت کی حفاظت کرنا ہے، نیز ملک میں آپسی بھائی چارگی کو مضبوط کرنا ہے، انہوں نے مزید بتایا کہ آج بھی مجلس احرار پنجاب سمیت ملک کے مختلف صوبوں میں سماجی، رفاہی، دینی، ملی اور انسانی خدمات میں لگی ہوئی ہے۔
نو منتخب سیکرٹری مجلسِ احرار اسلام پنجاب مفتی محمد ثاقب قاسمی نے کہا کہ مجلس احرار کے بینر تلے تحفظ ختم نبوت، ملک میں آپسی بھائی چارگی کو مضبوط کرنا، عدل وانصاف کا پیغام عام کرنا، اور ظلم کے خلاف کھڑے ہونا، انسانیت کی خدمت کرنا نیز جو مختلف عوامی تحریکات انجام دی جاتی ہیں ان کو قریہ قریہ، گھر گھر تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔