بہاردربھنگہ

ڈاکٹر نکہت افشاں ایک مثالی معلمہ

تحریر :- سرفرازاحمد قاسمی،امام وخطیب نور مسجد ملت کالج دربھنگہ

ڈاکٹر نکہت افشاں صاحبہ جوار رحمت میں چلی گئیں ؛ان کے ساتھ ان کی انفرادیت ؛علمی وتربیتی کمال ؛شخصیتی ارتقاء کا حسن ؛حجاب وپردے کی مثال ؛ان کی زبان کی شیرینی ولطافت ؛اور باوقار وبےمثال دینی تڑپ اور مذہبی فکروخیال کی دلکش اور مخلص تعبیر کی رخصتی ہوگئ ؛

آپ نے ٥٥سال زندگی کی پائی لیکن اس پچپن سالہ زندگی کو تعلیم وتربیت کے لئے وقف کررکھاتھا ؛دربھنگہ شہر کا معروف ادارہ ڈاکٹر ذاکرحسین ٹیچرس ٹرینگ کالج کے اردوزبان کی استاذ تھیں ؛ آپ کا کلاس انتہائی خوبیوں کا حامل ہوتااردوزبان کے حوالے سے کافی معلوماتی درس دیتیں ؛زبان وادب کی تاریخ ؛اس کی حیثیت ؛نثر نظم کی خوبیوں اور حسن وقبح کے درمیان فرق کی وضاحت ؛ادیبوں اور شاعروں کی سیرت وسوانح کا ذکر ؛ضرب الامثال اور تعبیرات کےاستعمال کا ہنر ؛کبھی تشجیعی اشعار کہ کر طلبہ کے شوق کو اردو زبان برتنے کےلئے مہمیز کرتی ؛آپ درجےمیں خوف وہراس کو آنے نہیں دیتیں طلبہ وطالبات سے بالکل کھل کر گفتگو کرتیں ؛ آپ کے اندر انسانیت سازی کا ملکہ تھا ؛

آپ صرف کتاب تک تدریس کو نہیں رکھتی بلکہ کتاب کے ساتھ انسان کی تعمیر وتشکیل پہ توجہ دیتی بلکہ آپ کے تدریسی زندگی کا ہدف ہی تھا انسانیت سازی ؛اخوت وہمدردی اور غم گساری سے طلبہ وطالبات کو لیس کرنا ؛ام کی زندگی زیور ادب ووقار اور خوش سلیقگی سے آراستہ کرنا خود اپنی ذات آپ باسلیقہ اور باکردار خاتون تھیں ؛آنکھوں سے حیاء وضوکرکے مترشح ہوتی ؛آپ کے بولنے کا لہجہ انتہائی مؤدب ہوتا ؛کیا مجال ہے سر سے کبھی حجاب کو اترنے دیا ہوا ؛نشست وبرخاست سے تواضع ومسکنت ٹپکتی لیکن اس میں بھی خوش سلیقگی نمایاں ہوتی ؛نماز وروزے ؛تلاوت واذکار آپ کی زندگی کا وظیفہ تھا یقین جانئے آپ ایک مثالی خاتوں اور بافیض معلمہ تھیں ؛آپ کی وفات حسرت آیات سے حلقہ شاگردان مغموم ہے ؛اپنی پیاری اور ہردل عزیز میم کی شفقت ومروت ؛ایثارو ہمدردی کو بار بار یاد کرکے خراج عقیدت پیش کررہاہے ؛ہم نے بھی اپنی میم سے خوب اکتساب فیض کیا ؛آپ کی عنایت وتوجہ کا اسیر رہا ؛اردو زبان وادب کی وادیوں میں آپ لے جاتی اور وہاں سے بیش قیمتی ہیرے جواہرات لاتی اور دامن مراد کو بھردیتیں ؛خدئے بزرگ وبرتر آپ کی مغفرت فرمائے


موت ان کی ہے جس پہ زمانہ کرے افسوس
یوں دنیا میں سبھی مرنے کے آئے ہیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button