پرائمری اور مڈل اسکولوں میں بحال ایس ٹی ای ٹی پاس ٹیچروں کو بھی ہائی اسکول کی تقرری میں الگ سے ویٹیج ملے : قمر مصباحی
دربھنگہ۔ محمد رفیع ساگر / قومی ترجمان بیورو
یہ حقیقت ہیکہ سماج کا ہر فرد اپنی زندگی کا ایک خاص عہد گزارنے کے بعد اس کے نشیب و فراز سے حاصل کردہ تجربات کی روشنی میں فیملی کے علاوہ معاشرہ میں بھی ایک مخصوص مقام حاصل کرلیتا ہے ،ٹھیک اسی طرح جب کوئی شخص کسی خاص شعبہ یا ملازمت میں برسوں تک اپنے فرائض کی ادائیگی کرتا ہے تو اس کے عوض میں اس کے آجر کے ذریعہ تجربہ کی بنیاد پر شعبہ میں ترقی یا پھر ترجیحات کے طور پر علیحدہ درجہ دیا جاتا ہے جس باعث اس کے طریقہ کار میں نہ صرف نکھار پیدا ہوتی ہے بلکہ اس کے حوصلے مزید بلند ہوتے ہیں۔ مذکورہ باتیں بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر قمر مصباحی نے بہار اسٹیٹ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے ذریعہ جاری شدہ حالیہ ایس ٹی ای ٹی رزلٹ کے پس منظر میں ایک پریس ریلیز جاری کر کہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور بہار کے سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کیلئے یہ خوشی کی بات ہیکہ ایس ٹی ای ٹی کے رزلٹ میں کوالیفائڈ ہوئے اردو زبان سمیت مختلف مضامین میں بڑی تعداد ایسے ٹیچروں کی ہے جو بہار کے پرائمری یا مڈل اسکولوں میں درس و تدریس کا کام انجام دے رہے ہیں اور اب ایسے ٹیچر ترقی کر ہائی اسکولی سطح کے بچوں کو اپنی تعلیمی لیاقت و تجربات کی بنیاد پر نہ صرف طلبا کی علمی تشنگی کو بجھائیں گے بلکہ اس کے مستقبل کو تابناک بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرینگے جس کے بعد سرکاری اسکول کے ٹیچروں کو نا اہل کہنے والوں کو ایک خاموش پیغام مل جائے گا۔ قمر مصباحی نے کہا کہ جب نئے ضابطہ کے تحت ہائی اسکول اور پلس 2 میں بحال گیسٹ ٹیچروں کو ایس ٹی ای ٹی کی بنیاد پر ہونے والی آئندہ تقرری کے دوران ان کے میرٹ لسٹ میں 5 نمبر کا اضافی ویٹیج دیا جا سکتا ہے تو ایسے ٹیچروں کو کیوں نہیں جو پہلے سے پرائمری اور مڈل اسکول کے زمرے میں بحال ہے اگر ایسا ہوتا ہے تو اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ کم درجے میں بحال ٹیچر اعلیٰ درجے کی بحالی میں حصہ لینے کیلئے ایس ٹی ای ٹی جیسے مسابقاتی امتحان کی تیاری کریں گے جس وجہ کر نہ صرف ان کی تعلیمی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے اسکولی طلبا بھی مستفیض ہونگے لہذا حکومت و محکمہ تعلیم کو اس کی فکر کرنی چاہئے۔ علاوہ ازیں انہوں نے بالخصوص سرکاری اسکول کے اردو اساتذہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ ایس ٹی ای ٹی امتحان میں اردو مضامین سے بھی بیشتر ٹیچرکوالیفائڈ ہوئے ہیں جو آئندہ کی تقرری کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔مسٹر قمر مصباحی نے وزیر تعلیم سمیت محکمہ تعلیم کے اعلی افسران سے اپیل کی ہے کہ اس جانب دھیان دینے کی ضرورت ہے کیونکہ فرائض انجام دے رہے موجودہ اساتذہ کو جب اضافی ویٹیج دیا جائے گا تو اس سے اساتذہ کو معاشرہ میں بطور اعزاز ایک خاص مقام حاصل ہوگا۔