دربھنگہ

نام نہاد سیکولر پارٹیوں کے استحصال سے بچنے کے لئے سیاسی لنچنگ کی ضرورت :نظر عالم

آل انڈیا بیداری کارواں نے مآب لنچنگ معاملے میں موجودہ حکومت سے زیادہ اپوزیشن پارٹیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا

دربھنگہ  (محمد رفیع ساگر / قومی ترجمان بیورو) مآب لنچنگ معاملے میں مرکز کی موجودہ حکومت سے زیادہ سوال نام نہاد سیکولر پارٹیوں سے کرنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ ووٹ تو ہم آزادی سے اب تک اسی نام نہاد سیکولر پارٹیوں (جسے مردہ اپوزیشن بھی کہہ سکتےہیں) کو دیتے آرہے ہیں اور آگے بھی دیتے رہیں گے ایسی امید ہے کیونکہ سب سے زیادہ سیکولرازم کا بھوت بھی تو ہم پر ہی سوار ہے، ہونا بھی چاہئے کیونکہ یہ جمہوری ملک ہے اسے بچانے کے لئے ہر صورت قربانی دینے کو ہمیں تیار رہنا چاہئے۔

لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ صرف قربانی دینے کے لئے ہیں ہم لوگ، اپنے اوپر ڈھائے جارہے مظالم کو روکنے کے لئے بھی ہمیں قربان ہونے کو تیار ہونا ہوگا۔ سواسو کروڑ کی آبادی والا یہ جمہوری ملک آئین سے چلتا ہے اور ہمارا آئین ہم سبھی کو اپنے اپنے مذہبی آزادی کے ساتھ ملک میں رہنے اور جینے کا حق دیتا ہے۔ لیکن اس طرح سے اقلیتی طبقہ کو سازش کے تحت وقت وقت پر ہراساں کرنا کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اب بولیں گے نہیں بلکہ اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گے۔ یہ بات سہی ہے کہ ملک پہلے ہے اور انسانیت بھی سب سے پہلے ہے۔ لیکن یاد رکھئے جس طرح سے بے قصور مسلم نوجوانوں کو جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، زندگی برباد کردی جاتی ہے، مآب لنچنگ کے نام پر بے قصوروں کا بے رحمی سے قتل عام کیا جاتا ہے یہ قطعی جمہوری ملک کی پہچان نہیں ہے۔ اس لئے موجودہ حکومت ہوں یا اپوزیشن کی پارٹیاں یہ بات ذہن نشیں کرلیں کہ مظلوموں کی آہیں کسی ظالم کو نہیں بخشتیں، ہمارے خلاف موجودہ حکومت کی نفرت تو سمجھ میں آتی ہے لیکن پتا نہیں نام نہاد سیکولر پارٹیوں کو یہ باتیں کیوں نہیں سمجھ آتیں کہ مسلمانوں کے خلاف ظلم کرنے والی موجودہ مرکزی حکومت کو ان کی خاموش حمایت ہی ان کی اصل بربادی کی نشانی ہے۔

مذکورہ باتیں آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے صدر نظرعالم نے کہی۔ نظرعالم نے آگے کہا کہ کتنی لنچنگ کرکے یہ لوگ بے قصور مسلمانوں کو مروائیں گے۔ جس دن یہ مظلوم سیاسی لنچنگ شروع کردیں گے حکومت تو دور اپوزیشن کے لائق بھی نہیں رہ پائیں گی نام نہاد سیکولر پارٹیاں۔

مسٹر نظرعالم نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت مآب لنچنگ پر فوری روک لگائے اور سخت قانون بنائے ساتھ ہی انہوں نے اپوزیشن کی سبھی پارٹیوں (جو ہمارے ووٹوں سے زندہ ہیں) سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وقت رہتے جاگ جائیں خاموشی توڑیں، مآب لنچنگ پر روک لگانے کے لئے سخت اقدامات اٹھائیں ساتھ ہی ایک قانون ایسا بنوائے جس سے کسی بے قصور کو کوئی بھیڑ بناکر نہ مار سکے اور نہ ہی کسی سے زبردستی کوئی مذہبی نعرہ لگوائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button