نئی نسل کی تعلیم وتربیت کی دل وجان سے فکر کی جائے تاکہ آنے والے ہرطوفان کا مقابلہ کرنا اس کے لیے آسان ہو،قاری شاہد
انجمن ترقی اردو کے ضلع سکریٹری کی اجیارپور بلاک کی مہیش پٹی پنچایت کے لوگوں سے نئی قومی تعلیمی پالیسی کے تحت مادری زبان کے سروے میں اُردو زبان درج کرانے کی اپیل
سمستی پور (محمد مصطفیٰ) وقت سے پہلے اپنے آشیانے کی حفاظت کے لیے ممکنہ تدابیراختیارکی جائیں اوراپنے سب سے بڑے سرمائے نئی نسل کی تعلیم وتربیت کی دل وجان سے فکر کی جائے تاکہ آنے والے ہرطوفان کا مقابلہ کرنا اس کے لیے آسان ہو اوروہ مشکل وقت میں بھی زندگی کی راہیں نکالنے کی پوزیشن میں ہو، یہ باتیں انجمن ترقی اردو کے سکریٹری ڈاکٹر قاری محمد شاہد نے اجیارپور بلاک کی مہیش پٹی پنچایت میں انجمن ترقی اردو ضلع کمیٹی کی جانب سے نئی تعلیمی پالیسی میں اُردو کا کردار پروگرام کے تحت بیداری مہم میں لوگوں کے درمیان تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہیں انہوں نے کہا کہ ملک کی تعلیمی پالیسی آزادی کے بعد اب تک جس سمت میں جارہی ہے اس سے پڑھا لکھاہر شخص اچھی طرح واقف ہے، خاص کر نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020کے خدوخال سے جو واضح ہورہاہے،اس سے صاف ظاہر ہے کہ اہل اقتدار کی منشاء پس پردہ بہت کچھ ہے، اس پس منظر کے ساتھ یہ بھی ایک سچائی ہے کہ ہمارے ہاتھوں سے قوم وملت کی ترقی اور آنے والی نسل کے مستقبل کے لیے جو ادارے قائم ہوسکتے تھے وہ نہیں ہوسکے، ماضی بعید میں ہمارے آباء واجداد نے مشکل حالات میں ملک وملت کو شاندار اورزندگی بخش ادارے عطاکئے تھے مگرماضی قریب میں یہ سلسلہ رک گیا،انہوں نے کہا کہ ایک زندہ قوم کی نشانی ہے کہ اس کے اپنے معیاری تعلیمی ادارے ہوں،جہاں سے وہ اپنے دین ومذہب کے مطابق اعلیٰ اخلاق وکردار کے حامل افراد تیار کرسکے اور ملک وقوم کی خدمت کے کام ان سے لے سکے،یہ شرم اورعار کی بات ہے کہ نسلیں توہماری ہوں مگر ان کی تعلیم وتربیت کے لیے ادارے کوئی اورتعمیر کرے،اس جانب مسلمانوں کی واقعتاً جو توجہ مطلوب تھی وہ نہیں ہوسکی،مولانا توصیف قاسمی نے کہا کہ جس امت کے مذہب کا پہلا لفظ ”اقراء” ہو وہ تعلیم کے میدان میں دوسری قوموں کی تعلیم گاہوں کی محتاج ہوکر رہ جائے یہ اسے ہرگز زیب نہیں دیتا،یہ ایک حقیقت ہے کہ اہل مغرب جس وقت تاریکیوں میں زندگی بسر کررہے تھے ،مسلم قوم دینی تعلیم کے ساتھ سائنس اورٹکنالوجی کے میدان میں عروج پر تھی،جس قوم کی لکھی ہوئی سائنسی کتابیں صدیوں یورپ کی تعلیم گاہوں میں شامل نصاب رہیں آج وہ قوم اپنی تعلیم ضرورت پوری کرنے سے قاصر ہے، یہ مقام افسوس نہیں بلکہ مقام عبرت ہے،واضح ہوکہ قومی نئی تعلیمی پالیسی کے تحت ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم نے پرائمری مڈل،ہائ،ہائر سیکنڈری،اسکولوں میں بچوں کی مادری زبان کی اطلاع کے لئے ڈائس کوڈ کے ذریعہ رپورٹ طلب کی ہے اس کی اطلاع ضلع کے تمام ایجوکیشن افسر و محکمہ تعلیم نے دے دی ہے، ڈی ای او نے تمام بلاک ایجوکیشن افسر کو اس ضمن میں رپورٹ دینے کو کہا ہے،تمام بلاکوں کو فارمیٹ بھی مہیا کرادیا گیا ہے،بلاک ایجوکیشن افسر جلد ہی اس فارمیٹ کو اسکولوں میں مہیا کرادے گا ایسی صورت میں تمام محبان اردو سے اپیل ہے کہ اپنے بچوں کے فارمیٹ میں مادری زبان کے کالم میں اُردو درج کرائیں،موقع پرمولانا اسلم جاوید ،شاہنواز، پرویز عالم، نجم الحسن، منھاج علی صافون عازب معراج علی، نوشاد بابو ماسٹر ضیاء الرحمن وغیرہ موجود تھے