ملک کی آزادی میں ہمارے اسلاف کی قربانیاں ناقابل فراموش : انجینئر حماد صدیقی
معہدالصالحات مدنی نگر دوگھرا میں جشن آزادی تقریب کا شاندار انعقاد
دربھنگہ۔ محمد رفیع ساگر / قومی ترجمان بیورو
جالے بلاک کے مدنی نگر دوگھرا میں قائم معہدالصالحات میں یوم آزادی کے موقع پر ادارہ کے ناظم انجینئر محمد حماد صدیقی نے پرچم کشائی کی اور بچوں نے حب الوطنی کے گیت گائے ۔ساتھ ہی جشن یوم آزادی پروگرام کا انعقاد بھی کیا گیا۔تقریب کا باضابطہ آغاز معہدالصالحات کے طالب علم کے تلاوت قرآن پاک اور نبی صلی اللہ علیہ کی شان میں نذرانہ عقیدت سے کیا گیا۔جبکہ اس موقع سے طالب علموں نے آزادی سے متعلق کئی دلچسپ ثقافتی و معلوماتی پروگرام بھی پیش کئے جسے سامعین نے خوب سراہا اور مدرسہ کے منتظمین کے کاموں کی ستائش کی ۔اس موقع پر معہدالصالحات کے ناظم انجینئر محمد حماد صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 15 اگست کا دن جشن منانے کا ہی دن نہیں ہے بلکہ حقیقت معنوں میں ہمارے لئے محاسبہ کرنے کا دن ہے۔ایک ایسا محاسبہ جس میں یہ دیکھا جا سکے کہ وطن عزیز کو تمام طرح کی فرقہ پرستی سے پاک کرنے اور گنگا جمنی تہذیب اور ہندو مسلم ایکتا کی جڑوں کو مضبوط سے مضبوط ترین بنانے میں ہمارا کیا کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندو مسلم اتحاد کے سہارے ہمارے بزرگوں نے اس ملک کو انگریزوں سے آزاد کرایا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔اس موقع سے معہد الصالحات کے صدر مدرس مولانا اسرار مظاہری نے ملک کی خاطر جان قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان بزرگان دین کی بیش بہا قربانیوں کو یاد کیا۔طلباء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نوشاد قاسمی نے کہا کہ نئی نسل پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے اکابرو اسلاف کی قربانیوں کی تاریخ اور ان کی سوانح حیات کو کو پڑھیں اور ان کے حیات و خدمات کا جائزہ لیں تبھی جاکر ہم ترقی کر سکتے ہیں۔وہیں حافظ شبیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ملک کے جو حالات ہیں اورفرقہ پرست قوتیں سراٹھارہی ہیں اس سے ہماری آزادی کے اصولوں کو ٹھیس پہنچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فرقہ پرستی ،بدعنوانی ،ظلم ،غربت اور ناخواندگی کے خلاف اصل لڑائی کی ضرورت ہے تبھی ہمارا ملک خوشحال ہوگا اور آپسی رواداری کو فروغ ملے گا۔حافظ نقی امام کی دعا پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ اس پروگرام میں گاوں کے کئی سرکردہ لوگوں نے بھی شرکت کی اور پروگرام کا کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔