دہلی (قومی ترجمان بیورو) میڈیا رپورٹ سے ملی جانکاری کے مطابق متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں بنے رہنے والے شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی نے اپنی وصیت کر دی ہے جس میں وسیم رضوی نے مرنے کے بعد تدفین کے بجائے چتا کو جلانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی رضوی نے اپنے وصیت میں اپنی چتا جلانے کا حق ڈاسنا مندر کے مہنت نرسنگھانندسرسوتی کو دیا ہے۔وسیم رضوی نے اتوار کو ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور دنیا میں مجھے قتل کرنے اور میری گردن کاٹنے کی سازش کی جا رہی ہے اور اس پر انعام کی بات ہو رہی ہے کیونکہ میں نے قرآن کی 26 آیات کو ہٹانے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
اس لیے میں نے وصیت لکھ کر انتظامیہ کو بھیج دی کہ مجھے مرنے کے بعد تدفین کے بجائے جلا دیا جائے یہ میری خواہش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری لاش کو لکھنؤ میں ہندو دوستوں کو دی جائے تاکہ وہ میری چتا کو جلا سکیں اور نرسمہا نند سرسوتی میری چتا کو آگ لگائیں گے۔