اہم خبریںمہاراشٹرا ،ممبئی

مبینہ داعش ملزم اقبال احمد کی ضمانت عرضداشت پر ممبئی ہائی کورٹ میں بحث مکمل، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و زیادتی کے تعلق سے نکڑ پر بیٹھ کر باتیں کرنا کوئی جرم نہیں، ممبئی ہائی کورٹ


ممبئی 14/ جولائی( ابو ایوب) مہاراشٹرکے مراٹھواڑہ علاقہ کے پربھنی شہر سے ممنوع تنظیم داعش کے ہم خیال ہونے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت گرفتارمسلم نوجوان اقبال احمد کبیر احمدکی ضمانت عرض داشت پر آج فریقین کی بحث مکمل ہوگئی جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا،ملزم اقبال احمد کی ضمانت عرضداشت پر سینئر ایڈوکیٹ مہر دیسائی نے بحث کی جبکہ ان کی معاونت ایڈوکیٹ شاہد ندیم، ایڈوکیٹ کرتیکا اگروال، ایڈوکیٹ قربان نے کی۔


ممبئی ہائی کورٹ کی دورکنی بینچ کے جسٹس ایس ایس شندے اور جسٹس جے این جمعدار کے ربرو بحث کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ مہر دیسائی نے عدالت کو بتایا کہ پانچ سال کا عرصہ گذر جانے کے باوجود ابھی تک ملزم کے مقدمہ کی سماعت شروع نہیں ہوئی ہے اور چارج شیٹ میں ایسا کہیں بھی نہیں لکھا ہیکہ ملزم نے بم بنایا تھا یا وہ کسی بھی طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔


ایڈوکیٹ مہر دیسائی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے گھر سے بیعت برآمد کرنے کا استغاثہ نے دعوی کیا ہے لیکن استغاثہ نے خود اپنی فرد جرم میں اس بات کا اقرار کیا ہے کہ بیعت دیگر ملزم رئیس احمد نے لکھی تھی اور وہ بیعت ملزم ناصر یافعی کے اشارے پر ملزم اقبال کے گھر سے بر آمد کی گئی تھی، مہر دیسائی نے عدالت کو مزید بتایا کہ بیعت کی قانونی حیثیت صفر ہے اور مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و زیادتی کے بار ے میں گفتگو کرنا، ان کی فکر کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔
ایڈوکیٹ مہر دیسائی نے دوران بحث عدالت کو حالیہ سپریم کورٹ اور ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلوں کے حوالے سے بتایا کہ پانچ سال کا عرصہ جیل میں گذارنے اور ٹرائل شروع نہ ہونے کی بنیاد پر ملزمین کو ضمانت پر رہا کیا گیا ہے لہذا ملزم کو بھی ضمانت پر رہا کیا جانا چاہئے۔


ایڈوکیٹ مہر دیسائی کی بحث کے اختتام کے بعد این آئی اے کی نمائندگی کرنے والی ایڈوکیٹ ارونا پائی نے عدالت کو بتایا کہ ملزمین ہندوستان اور بیرون ہندوستان مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کے بارے میں گفتگو کرتے تھے اور وہ اس کا بدلا لینا چاہتے تھے جس پر جسٹس شندے نے کہا کہ اس طرح کی گفتگو کرنا کوئی جرم نہیں، چھوٹے شہروں میں لوگ اکثر نکڑ پر بیٹھ کر گلی سے لیکر دلی تک کی سیاست، ڈونالڈ ٹرمپ سے لیکر جوئے بائیڈن تک کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں، چھوٹے شہروں میں لوگ اکثر ایسی گفتگو کرتے رہتے ہیں لہذا ایسی گفتگو کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔


ایڈوکیٹ ارونا پائی نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزمین ہندوستان میں بم دھماکہ کرنا چاہتے تھے اور چاروں ملزمین کے مقدمہ کا ایک ساتھ دیکھنا چاہئے، ملزم اقبال کے مقدمہ کو الگ کرکے نہیں دیکھنا چاہئے کیونکہ اس کے گھر سے بیت کے علاوہ ملزمین ناصر یافعی اور شاہد خان نے اپنے بیانات میں کہا ہیکہ اقبال کے گھر پر بم بنایا گیا تھا۔


ایڈوکیٹ ارونا پائی نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کی بجائے عدالت کو نچلی عدالت کو چھ ماہ میں مقدمہ مکمل کرنے کا حکم دینا چاہئے جس پر جسٹس شندنے کہاکہ ہم نے ماضی میں مختلف مواقعوں پر عدالتوں کو جلد از جلد سماعت مکمل کیئے جانے کا حکم دیا لیکن ہمارے حکم کے باوجود عدالتیں مقررہ مدت میں مقدمات فیصل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔اسی درمیان فریقین کی بحث کا اختتام ہوا جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔


آج کی عدالتی کارروائی کے بعد جمعیۃعلماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے اس ضمن میں بتایا کہ ملزم اقبال احمد گذشتہ پانچ سالوں سے جیل میں مقید ہے اور مقدمہ التواء کا شکار ہے لہذا ملزم کی ضمانت پرر ہائی کے لیئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا ہے۔


گلزار اعظمی نے کہا کہ دوسال قبل ملزم کی ضمانت عرضداشت خصوصی این آئی اے عدالت نے مسترد کردی تھی جس کے بعد ملزم کی ضمانت پر رہائی کی عرضداشت ممبئی ہائی کورٹ میں داخل کی گئی تھی جس پر آج بالآخیر سماعت عمل میں آئی اور عدالت نے فیصلہ بھی محفوظ کرلیا۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ ملزم اقبال احمد کی ممبئی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہوگی۔


واضح رہے کہ مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ملزمین اقبال احمد، ناصر یافعی، رئیس الدین اور شاہد خان سمیت پر تعزیرات ہند کی دفعات 120(b),471,، یو اے پی اے کی دفعات 13,16,18,18(b), 20, 38, 39 اور دھماکہ خیز مادہ کی قانون کی دفعات 4,5,6 کے تحت مقدمہ قائم کیا ہے اور ان پر یہ الزام عائد کیا ہیکہ وہ آئی ایس آئی ایس کے رکن ہیں اور ہندوستان میں غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں نیز انہوں داعش کے لیڈر ابوبکر البغدادی کو اپنا خلیفہ تسلیم کیا ہے اور اس تعلق سے عربی میں تحریر ا یک حلف نامہ (بیعت) بھی ضبط کرنے کا پولس نے دعوی کیا ہے حالانکہ ملزمین کے اہل خانہ کا یہ کہنا ہیکہ مہاراشٹر اے ٹی ایس نے جھوٹے مقدمہ میں ان کے لڑکوں کو گرفتار کیا ہے کیو نکہ پولس نے ملزمین کے قبضہ سے ایسا کوئی بھی مواد ضبط نہیں کیا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہو کہ وہ ممنوع تنظیم داعش کے رابطہ میں تھے اور وہ ہندوستان میں کچھ گڑ بڑ کرنا چاہتے تھے بلکہ شوشل میڈیا اور یوٹیوب کی مبینہ سرگرمیوں کو گرفتاری کی وجہ بتایا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button