مالیگائوں ،ناندیڑ اور امراوتی میں فرقہ وارانہ تشدد ، جمعیۃعلماء نے امن وا مان کی بحالی کا مطالبہ کیا
ممبئی 13؍نومبر(ابو ایوب) تری پورہ میں مسلمانوں کے خلاف فرقہ پرست تنظیموں کی جانب سے ڈھائے گئے منصوبہ بند مظالم ،مساجد میں توڑ پھوڑ،قرآن پاک کی بے حرمتی اور نبی آخر الزماں ﷺ کی شان میں کی جانے والی گستاخی کے خلاف ریاست مہاراشٹر میں جگہ جگہ مسلمانوں نے جمعہ کو اپنے کاروبار کو بند کر کے اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ۔
اطلاع کے مطابق مہاراشٹر کے شہرمالیگائوں،ناندیڑ اور امراوتی میں احتجاجی جلوس بھی نکالا گیا۔جس میں سماج دشمن اور شر پسندعناصر کی جانب سے پتھرائو کئے جانے کی وجہ سے حالات کشیدہ ہو گئے ۔ناندیڑ اور مالیگائوں میں حالات قابو میں ہیں ، لیکن امراوتی میں آج بروز سنیچر ہندو تنظیموں کی جانب سے جلوس نکال کر مسلم علاقوں میں توڑ پھوڑ ، پتھرائواورآتشزنی کی گئی،جن میں اتوارہ بازار،رتن گنج،پٹوا چوک وغیرہ کےعلاقے شامل ہیں ۔ پتھرائو کی وجہ سے متعدد مسلمان زخمی اور توڑ پھوڑ میں مسلمانوں کی بہتیری دکانوں کو نقصان پہونچا۔
حالات کی کشیدگی کی اطلاع ملتے ہی جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے لیگل سیل کے سکریٹری جناب گلزار احمد اعظمی نے پولس کمشنر امراوتی ڈاکٹر آرتی سنگھ سے بذریعہ فون بات کرکےشہر کے خراب حالات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور ان سے حالات کوفوری طور پر قابو میں کرنے اور شہر کے اندر امن و امان بر قرار رکھنے کا مطالبہ کیا ۔گلزاراحمد اعظمی نے ان سے مطالبہ کیا کہ امن و امان کی بحالی کے ساتھ شر پسند عناصر پر سخت کارروائی کی جائے اور بے قصوروں کو بالکل بھی ہراساں و پریشان نہ کیا جائے۔
ڈاکٹر سنگھ نے بتایا کہ حالات پر میری نظرہے،میں چھٹی پر ہوں ، ابھی امراوتی کے لئے نکل رہی ہوں ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں امن و امان کی بحالی کے لئے ہم نے دفعہ 144؍نافذ کر دیا ہے ، اور اگر حالات قابومیں نہیں آئے تو کل سے کرفیو لگایا جا سکتا ہے ۔ہمیں امید ہے کہ بہت جلد حالات قابو میں آجا ئیں گے
گلزار احمد اعظمی نے ڈی آئی جی مہاراشٹر اسٹیٹ، پولس کمشنر امراوتی ڈاکٹر آرتی سنگھ سے بذریعہ ای میل حالات کی کشیدگی اور مذکورہ مقامات پر رونما ہونے والے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ جس میں تحریر ہے کہ عموماًفسادات میں بے گناہوں کو ملزم بنایا جاتا ہے،اور وہ سالوں کورٹ کے چکر کاٹنے کے بعد رہا ہوتے ہیں ،دوسری طرف دنگائی پولس کی لا پرواہی یا پولس کی جانب سے ناکافی ثبوت کے بنا پر چھوٹ جاتے ہیں۔
گلزار اعظمی نے اپنی تحریر میں مزید لکھا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی ایم ایل اے رام قدم کےاشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے امراوتی میںفرقہ پرستوں کا یہ ننگا ناچ ہوا۔ہم چاہتے ہیں کہ اس فساد کی صحیح طریقہ سے تحقیق کی جائے اور ملوث پائے جانے والےافراد پر بلا تفریق سخت قانونی کارروائی کی جائے نیز بے گناہوں کو ہراساں و پریشان نہ کیا جائے ۔
جمعیۃ علماء مہاراشٹر