فرائض کی انجام دہی میں لاپروائی پر بہیڑی تھانہ کے انچارج تھانہ صدر اجیت کمار معطل
دربھنگہ ( محمد رفیع ساگر / قومی ترجمان بیورو)
ایس ایس پی بابو رام نے بدھ کو فرائض کی انجام دہی میں لاپروائی کی پاداش میں بہیڑی تھانہ کے انچارج تھانہ صدر اجیت کمار کو فوری اثر سے معطل کر دیا ہے۔ایس ایس پی نے معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اٹھہی گاؤں میں دو فریقوں کے مابین مارپیٹ ہوئی تھی۔کچھ دن پہلے بھی دونوں فریقوں کے مابین لڑائی ہوئی تھی۔ دونوں طرف سے معاملہ بھی درج ہوا تھا۔
منگل کی شام 4 بجے مقامی ایم ایل اے نے تھانہ صدر کو حالات سے واقف کرایا تھا اور مجھے بھی صبح 8 بجے واقعہ سے باخبر کیا تھا۔
جب اس ضمن میں تھانہ انچارج سے جانکاری لی گئی تو جھوٹ بولا گیا کہ پولیس کو موقع پر بھیج دیا گیا ہے۔ساتھ ہی ایس ڈی پی او کو غلط رپورٹ دی کہ کچھ نہیں ہوا۔
بعدازاں ایس ڈی پی او اور سی آئی خود ہی تحقیقات کے لئے رات موقع پر گئے جس میں تھانہ انچارج کا مشکوک کردار اور غیر ذمہ دارانہ سلوک پایا گیا۔
اسی الزام کی وجہ سے اسے فوری اثر سے معطل کردیا گیا ہے۔