سڑک کی تعمیر کا کام تھپ پڑنے پر گاوں والوں کا سخت احتجاج
دربھنگہ (محمد رفیع ساگر / قومی ترجمان بیورو) کام کی مدت پوری ہونے کے باوجود سنگھواڑہ بلاک کے مادھو پور۔ مہادیو استھان چوک سے کونی دھام پھلتھوا تک سڑک کی نامکمل تعمیر کی وجہ سے مشتعل مقامی لوگوں نے جمعہ کے دن مادھو پور۔ مہادیو استھان چوک پر احتجاج کیا۔
سمری تارالاہی مین روڈ پر مشتعل مقامی لوگوں نے کھیمس کے ضلعی کمیٹی ممبر رام بابو ساہ کی سربراہی میں جلوس نکالا۔ مہادیو استھان چوک پہنچنے کے بعد ایم ایل اے مراری موہن جھا اور سابق ایم ایل اے ڈاکٹر فراز فاطمی کے پتلے جلائے ۔مقامی لوگ اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بلند کررہے تھے۔
اس موقع پر منعقدہ میٹنگ میں مقررین نے کہا کہ 2 سال قبل پی ڈبلیو ڈی نے بورڈ لگا کر کام شروع کیا تھا لیکن کام مکمل نہیں کیا گیا۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ کام مکمل نہیں ہونے پر سمری تارالاہی سڑک کو جام کردیا جائے گا۔احتجاجی جلسے سے پنچایت سمیتی رکن شیام یادو ، ڈھڈائی کامتی ، روی کامتی ، سبودھ بھگت نے خطاب کئے۔