سردیوں میں بچے کھانسی، نزلہ اور بخار جیسی بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سردیوں کے موسم میں درجہ حرارت میں تیزی سے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے ہمارے جسم کا توازن بگڑ جاتا ہے۔جس کا بچوں پر زیادہ اثر پڑتا ہے۔ایسے میں اس بدلتے موسم میں بچوں کا خاص خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔سچی بات تو یہ ہے کہ آپ جیسے بہت سے والدین اپنے بچوں کی صحت کے بارے میں پریشان ہوں گے۔ تو چلئے آج آپ کو بتاتے ہیں کہ سردیوں کے موسم میں آپ اپنے بچوں کی کس طرح دیکھ بھال کر سکتے ہیں تاکہ آپ کا بچہ بیمار نہ ہو۔
بچوں کا کمرہ گرم رکھیں
سردیوں میں بچوں کی حفاظت کے لیے والدین زیادہ سے زیادہ گرم کپڑے پہناتے تاکہ انہیں سردی نہ لگے۔ بہت زیادہ کپڑے پہننے سے بچوں کی نرم جلد پر دانے پڑنے کا خطرہ رہتا ہے۔اس کی وجہ سے ان کو خارش وغیرہ ہونے لگتی ہے۔ایسے میں ضروری ہے کہ والدین بچوں کے کمرے کو گرم رکھنے کی کوشش کریں تاکہ بچوں کو زیادہ لحاف یا کمبل ڈالنے کی ضرورت نہ پڑے۔
صحت مند کھانا دیں
بچوں کو ہر موسم میں اچھی خوراک دینا چاہیے جو ان کی نشوونما کے لیے بہت ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سردیوں میں اچھی خوراک کی اہمیت بہت بڑھ جاتی ہے۔سردیوں میں بچوں کو بیماریوں سے دور رکھنے کے لیے ان کی خوراک میں ابلا ہوا انڈا ضرور شامل کریں۔اس سردی میں جسم کو گرم رکھنے کے لیے ابلا ہوا انڈا بہت ضروری ہے۔اس کے ساتھ ساتھ ہری سبزیوں کے علاوہ بچوں کی خوراک میں کاجو، کشمش اور بادام شامل کرنا نہ بھولیں۔اس کے ساتھ ساتھ سردیوں میں ہری سبزیاں بہت زیادہ مل جاتی ہیں اس لیے اپنے بچوں کو ہر روز موسمی سبزیاں کھلائیں۔
اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچے دھوپ میں بیٹھیں۔
سردیوں میں بڑے سے لے کر چھوٹے بچوں تک کو دھوپ میں بیٹھنا چاہیے۔ دراصل سردی کی وجہ سے ہمارا جسم خشک ہونے لگتا ہے اور کم جسمانی سرگرمی کی وجہ سے جسم میں توانائی گردش نہیں کر پاتی۔ ایسے میں سورج کی روشنی سے حاصل ہونے والا وٹامن ڈی بچوں کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ اس لیے یہ ضروری ہے کہ بچوں کو سردیوں میں دھوپ والے دن ضرور سن باتھ کروائیں۔
بچے کی مالش کریں
سردی کی وجہ سے بچوں کے جسم میں خون کی گردش ٹھیک سے نہیں ہو پاتی۔ ایسی حالت میں بچوں کو باقاعدگی سے مساج کرنے سے ان کے جسم میں دوران خون درست رہتا ہے۔ آپ مساج کے لیے بازار میں دستیاب بچوں کا خصوصی تیل استعمال کر سکتے ہیں۔ جس کی وجہ سے بچوں کی ہڈیاں بھی مضبوط ہوتی ہیں اور موسمی بیماریاں انہیں جلد گھیر نہیں سکتیں۔
نیم گرم پانی سے غسل کرانا
سردیوں کے موسم میں بہت سے والدین اپنے بچوں کو نہلانے سے کتراتے ہیں انہیں لگتا ہے کہ ان کے بچے بیمار نہ پڑ جائیں۔ماہرین صحت کی بات مان لی جائے تو ایسا کرنا درست نہیں۔سردیوں میں اپنے بچوں کو نیم گرم پانی سے نہلائیں۔ اس سے بچوں کے جسم کا پسینہ صاف ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کا بچہ بھی تروتازہ محسوس کرے گا۔