اہم خبریںمہاراشٹرا ،ممبئی

تمام مذاہب اور امن پسند انسانوں نے امن و سلامتی کا پیغام دیا، شعبہ اردو نیوکالج چنئی کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام سے مقررین کا خطاب 


چنئی (پریس ریلیز)اسلام ہی نہیں بلکہ دنیا میں پائے جانے والے تمام مذاہب نے میانہ روی، انصاف پسندی اور احترام انسانیت اور امن و سلامتی کو بنیادی حیثیت دی ہے۔ یہ وہ بنیادی عناصر ہیں جن سے صالح معاشرے کی تشکیل ممکن ہے۔امن پسند معاشرے کا قیام انسانیت کے لیے لازمی ہے۔ قائد ملت جامع مسجد چنئی کے امام و خطیب قاری محمد اسجد صاحب نے شعبہ اردو نیوکالج، چینئی کے زیر اہتمام منعقدہ ”امن و سلامتی کا پیغام انسانیت کے نام” میں مذکورہ باتیں کہیں۔

انھوں نے کہا کہ احترام انسانیت اور اعتدال پسندی سے ہی دنیا میں امن ممکن ہے۔ دنیا میں بہت سے ادارے امنِ عالم کے لیے کام کررہے ہیں، ان تمام اداروں کو اعتدال پسندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر تمیم احمد قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مذاہب کے درمیان اخوت اور جانثاری کا جذبہ اسی وقت پیدا ہوگا، جب ہم احترامِ مذاہب کا فریضہ انجام دیں۔

انھوں نے قرآن و حدیث اور سیرت کے حوالہ سے امن و سلامتی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امن کے بغیر ہم انسانیت کی کماحقہ خدمت انجام نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی اور مولانا ابوالکلام و غیرہ نے جنگ و جدال سے ہٹ کر امن کو عام کرنے کی تلقین کی بلکہ گاندھی جی نے تو اس کی تحریک بھی چلائی تھی۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو سامنے رکھتے ہوئے موجودہ عہد کے بہت سے معاملات کا تجزیہ کیا اور امن وسلامتی کے پیغام کو مدلل طریقے سے پیش کیا۔

  
انہوں ہندوستان کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کثرت میں وحدت کی ایک بہترین مثال ہے۔ یہاں برسوں سے مختلف مذاہب کے ماننے والے آپس میں امن و سلامتی کے ساتھ ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہ رہے ہیں۔ اس پر سکون اور امن سلامتی کے ماحول کو بنائے رکھنے کی ضرورت ہے۔


واضح رہے کہ اس پروگرام میں شعبہ اردو کے طلبا اور اساتذہ کے علاوہ دیگر اہم ترین شخصیات بھی شامل رہے، جن میں قابل ذکر استاذ الاساتذہ پروفیسر ڈاکٹر سید سجاد حسین صاحب سابق صدر شعبہ اردو مدراس یونیورسٹی اور پروفیسرخواجہ غلام رسول صاحب قابل ذکر ہیں۔ اس پروگرام کا آغاز بی اردو سال دوم کے طالب علم عزیزم حافظ محمد اقدس کی تلاوت سے ہوا اور بی اردو سال سوم کے طالب علم سید اکبر حسین نے نعت نبی پیش کی۔جب کہ پروفیسر سید شبیر حسین نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ صدر شعبہ اردو نیوکالج ڈاکٹر طیب خرادی نے مختصر اور جامع الفاظ میں شعبہ اردو کا تعارف اور مہمانان عظام کا پر تپاک استقبال کیا اور ان کا مختصر تعارف بھی پیش فرمایا۔پروفیسر غیاث احمد نے ہدیہ تشکر کیا اس کے بعد پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button