بہار کے دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کے بعد اب وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی کورونا سے متاثر
بہار : ملک میں کورونا کے کیسز میں اضافے کے ساتھ ہی اس وائرس کی لپیٹ میں آنے والے سیاستدانوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار بھی کووڈ پازیٹو ہو گئے ہیں۔ وزیر اعلی کے دفتر (سی ایم او) کی طرف سے جاری کردہ ایک ٹویٹ میں یہ جانکاری دی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بہار کے دونوں نائب وزیر اعلیٰ ترکیشور پرساد اور رینو دیوی 5 جنوری کو کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے۔ ان کے علاوہ دو ریاستی وزراء سنیل کمار اور اشوک چودھری بھی کووڈ پازیٹیو ہیں ۔
دوسری جانب مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی کورونا کا شکار ہو گئے ہیں۔ راجناتھ نے پیر کو ایک ٹویٹ میں لکھا، ‘میں آج کورونا سے متاثر پایا گیا ہوں حالانکہ علامات بہت ہلکے ہیں۔ میں اس وقت ہوم قرنطینہ میں ہوں۔ میں ان تمام لوگوں سے گزارش کرتا ہوں جو حال ہی میں میرے ساتھ رابطے میں آئے ہیں اور اپنے آپ کو الگ تھلگ کر لیں۔ غور طلب ہے کہ حال ہی میں بہت سے سیاست دان کووڈ پازیٹیو ہو چکے ہیں، جن میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، تمل ناڈو سے بی جے پی لیڈر خوشبو سندر، بی جے پی ایم پی منوج تیواری، این سی پی ایم پی سپریا سولے، مرکزی وزیر مہندر ناتھ پانڈے اور کانگریس لیڈر رندیپ سرجے والا اور دیپندر ہڈا شامل ہیں۔