بہار : معاون اردو مترجم پی ٹی کا نتیجہ جاری، 5322 امیدوار کامیاب
پٹنہ (12/ جولائی 2021) حکومت بہار اردو ڈائریکٹوریٹ کے تحت ریاست کی دوسری سرکاری زبان اردو کے عملی نفاذکے لیے بہار اسٹاف سلیکشن کمیشن کے ذریعے گذشتہ 28 فروری2021 کو معاون اردو مترجمین کے لیے منعقدہ مقابلہ جاتی امتحان کا نتیجہ 10 جولائی کو طویل انتظار کے بعد بی ایس ایس نے جاری کردیا ہے۔
کمیشن نے 10 جولائی کو دیر رات اپنے ویب سائٹ پر کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ جاری کردہ فہرست میں 5322 امیدوار مینس امتحان کے لیے اہل قرار دیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ یہ معاون اردو مترجمین کا پی ٹی امتحان تھا۔ اب اس کا مینس امتحان ہونا ہے۔
خیال رہے کہ تقریباً 80 ہزار امیدواروں نے اس عہدے کے لیے درخواست دیا تھا لیکن امتحان میں صرف 70 ہزار امیدوار ہی شریک ہو سکے تھے۔بہت طویل انتظار کے بعد ریزلٹ جاری کیا گیا ہے۔جس میں کل 5322 امیدوار کامیاب قرار دیئے گئے ہیں۔ حالانکہ اس سے پہلے ہونے والی اردو مترجم اور راج بھاشا اردو اسسٹنٹ کے امتحان کے نتائج اب تک نہیں آیا ہے۔ واضح ہو کہ ریاستی حکومت نے کل 1565 اردو ملازمین کی تقرری کے لیے اعلان کیا تھا۔ کافی انتظار کے بعدبہار اسٹاف سلیکشن کمیشن کو اس کی ذمہ داری دی گئی۔ کورونا وباء کے سبب امتحان لینے میں بھی کافی تاخیر ہوئی اور پھر نتیجہ بھی کافی دیر سے شائع ہوا۔