بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کو ملا چیئرمین، عبد السلام انصاری بنائے گئے مدرسہ بورڈ کے چیئرمین
پٹنہ (قومی ترجمان) بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ میں طویل عرصے سے چیئرمین کا عہدہ خالی ہونے کے سبب بہت سے مسائل پیدا ہو رہے تھے ۔ لیکن اب طویل انتظار کے بعد بہار اسٹیٹ مدرسہ بورڈ کے چیئر مین کا خالی عہدہ پر ہو گیا ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجو کیشن عبد السلام انصاری کو بہار مدرسہ بورڈ کا نیا چیئر مین بنایا گیا ہے۔
عبد السلام انصاری کو وزیر تعلیم پروفیسر چندر شیکھر کے حکم سے جوائنٹ سیکریٹری کے مکتوب نمبر 182 بمطابق 22 فروری 2023 کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر سیکنڈری ایجو کیشن بہار کے علاوہ چیئر مین بہار مدرسہ ایجو کیشن بورڈ پٹنہ کی مالی و غیر مالی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
معلوم ہو کہ عبد السلام انصاری ایک اچھے اڈمنسٹریٹر ہونے کے ساتھ قوم پرست افسر ہیں اس لئے ریاست کے مسلمانوں میں ان کے چیئر مین بننے سے خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جناب انصاری نے اپنی سروس کا بڑا حصہ مظفر پور میں گزارا ہے۔
واضح رہے کہ وہ مظفر پور میں ضلع پر وگرام افسر اسٹبلشمنٹ کی حیثیت سے اچھی شناخت رکھتے ہیں۔مظفر پور کے جب وہ ضلع تعلیمی افسر رہے تو تعلیم کے مختلف شعبوں میں ضلع کا نام روشن کیا ہے۔انصاری صاحب کے کاوشوں سے ہی مظفر پور ضلع ملک میں اول نمبر پر رہا تھا۔ عبد السلام انصاری دربھنگہ، بتیا ، گوپال گنج ، سیوان اور پٹنہ ضلع میں پروگرام افسر اسٹبلشمنٹ کی حیثیت سے خدمت انجام دے چکے ہیں۔ چیئر مین بنائے جانے پر انہوں نے وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار ، نائب وزیر اعلی جناب تیجسوی پرساد یادو اور وزیر تعلیم پروفیسر چندر شیکھر کا انہوں نے دل سے شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ وزیر اعلی کے زیرو ٹولرینس کے مقصد کے تحت وہ کام کریں گے۔ مدرسہ بورڈ کو ہر طرح کی سیاست و کرپشن سے پاک کیا جائے گا۔