بوکھڑا سی او کی کارکردگی سے کئی مکھیا ناراض، نائب پرمکھ آفتاب عالم کی قیادت میں ایس ڈی او کو میمورنڈم سونپا
دربھنگہ۔ محمد رفیع ساگر / قومی ترجمان بیورو
بوکھڑا کے نائب پرمکھ و یوتھ آر جے ڈی کے صوبائی جنرل سکریٹری آفتاب عالم منٹو کی سربراہی میں بلاک کے 11 مکھیاوں و دیگر نمائندوں نے بوکھڑا سرکل آفیسر کی لاپرواہ رویے کی شکایت سے متعلق ایک میمورنڈم سب ڈویژنل آفیسر نوین کمار کو پیش کیا اور مسئلے کے حل کا مطالبہ کیا۔ میمورنڈم میں بتایا گیا کہ سی او کی جانب سے عوامی مفادات کے کاموں کو مستقل طور پر نظرانداز کیا جارہا ہے ، سیلاب سے پہلے کی کوئی تیاری نہیں ہے جس کی وجہ سے بلاک حلقہ کے عوام کو آنے والے دنوں میں شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سی او کی جانب سے سیلاب سے متعلق امداد پانے والے افراد کی فہرست منمانے طریقے سے تیار کر وائی جارہی ہے۔ وفد میں شامل عوامی نمائندوں نے سب ڈویژنل افسر کو بتایا کہ اگر سی او کا رویہ لاپرواہ رہا تو عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ سب ڈویژنل آفیسر نے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔