اہم خبریںدربھنگہ

این ایچ پر لوٹنے والے بین ریاستی گروہ کے سرغنہ سمیت 3 جرائم پیشہ گرفتار

لوٹی گئی 112 کارٹن بورن ویٹا، ڈی سی ایم ٹرک سمیت 1 دیسی کٹہ، 3 کارتوس، 3موبائل اور ایک چاقو بھی برآمد

پوچھ گچھ میں کئی سفید پوش افراد کے ناموں کا انکشاف

دربھنگہ ۔محمد رفیع ساگر / قومی ترجمان بیورو) وشن پور تھانہ علاقہ میں 6 جون کو ہوئی ایک ٹرک پر لدے بورن ویٹا لوٹ معاملے 21/47 کی گتھی سلجھا لی گئی ہے۔ایس ایس پی بابو رام نے ہفتہ کو بتایا کہ اس معاملے میں بین ریاستی لٹیرہ گروہ کے سرغنہ سمیت 3 شاطر جرائم پیشوں کو گرفتار کرکے لوٹی گئی 112 کارٹن بورن ویٹا سمیت ایک ٹرک کو ضبط کرلیا گیا ہے۔گرفتار جرائم پیشوں کے پاس سے 2 لاکھ کیش ،1 دیسی کٹہ، 3 کارتوس، 3موبائل اور ایک چاقو بھی برآمد کیا گیا ہے۔گرفتار جرائم پیشوں میں اترپردیش کے میرٹھ ضلع کے پرکچھت گڑھ تھانہ کے سوندر رہائشی مختار علی عرف مسٹر ولد خلیل ،بلند شہر کے سکندرآباد تھانہ کے کامرا رہائشی یامین ولد مقصود اور ہاپور ضلع کے سنبھولی تھانہ کے سرورپور رہائشی ناظم عرف راشد ولدمحمد طالب شامل ہیں۔

ایس ایس پی مسٹر بابو رام نے بتایا کہ نیشنل ہائیوے پر سرگرم لٹیرہ گروہ کی نشاندہی کے لئے متعلقہ تھانہ اور تکنیکی برانچ کے پولیس افسران / اہلکاروں نے مختلف مقامات پر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ کیا۔ جس کے بعد مجرم کے زیر استعمال گاڑی کی نشاندہی کی گئی۔ تحقیقات کے دوران یہ پتہ چلا کہ جرائم پیشہ افراد نے لوٹی ہوئی بورن ویٹا کو پورنیہ ضلع کے گلاب باغ اور کٹیہار ضلع کے سیما پور میں چھپا رکھا ہے جو فروخت ہورہی ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد متعلقہ تھانے کی پولیس کی مدد سے گلاب باغ سے 39 کارٹن اور کٹیہار ضلع کے سیما پور پولیس اسٹیشن علاقے سے 73 کارٹن بورن ویٹا اور 2 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔ اس طرح کل 112 کارٹن بورن ویٹا اور 2 لاکھ روپے برآمد ہوئے۔ لوٹی گئی سامان کی برآمدگی کے بعد لوٹ میں ملوث مجرموں کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی۔

ان مجرموں کو گرفتار کرنے کی کوشش میں مصروف ٹیم کو جمعہ کو پختہ اطلاع ملی کہ لٹیرے ایک بار پھر وشن پور تھانہ علاقہ میں کرائم کی واردات کو انجام دینے کی فراق میں ہیں۔تبھی وشن پور پولیس نے اوکھڑا کے قریب سے ایک ڈی سی ایم ٹرک سامان کے ساتھ 3 جرائم پیشوں کو گرفتار کر لیا۔ان سے تفتیش کے دوران یہ راز فاش ہوا کہ ان میں ایک سرغنہ بھی ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ برآمد شدہ ڈی سی ایم ٹرک کا نمبر بورن ویٹا لوٹ میں استعمال ہونے والے ٹرک سے ملتی پائی گئی ہے۔جب گرفتار مجرموں سے بورن ویٹا لوٹ کے واقعہ کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ 2 جون کی رات کو مظفر پور ضلع کے گائے گھاٹ میں واقع میتھی ٹول پلازہ کے قریب بورن ویٹا لدے ٹرک کو روک کر اپنے قبضے میں کر لیا گیا جسے دربھنگہ کے وشن پور تھانہ کے ڈیلاہی گاوں میں نوتعمیر شدہ پٹرل پمپ کے پاس سنسان جگہ پر لاکر کو بورن ویٹا کو لوٹ لیا گیا تھا۔لوٹی گئی بورن ویٹا کو برآمد ڈی سی ایم ٹرک میں لاد کر لے جایا گیا تھا۔

مزید پوچھ گچھ کے دوران ان کے ذریعہ یہ بھی بتایا گیا کہ کچھ دن پہلے ارریہ ضلع میں ہندوستان لیور کے سامان کو لوٹنے کا واقعہ بھی انجام دیا تھا۔یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ لوٹی گئی مال کو کھپانے اور چھپانے میں نوگھچیا، کٹیہار اور پورنیہ کے بہت سے سفید پوش افراد بھی ملوث ہیں۔ جن کے خلاف ٹیم کارروائی کر رہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی اس واقعہ میں ملوث گروہ کے دیگر افراد کا نام بھی لیا گیا ہے جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ایس ایس پی نے کہا کہ اس کامیابی پر وشن پور تھانہ کی پولیس کے ساتھ ساتھ تکنیکی ٹیم میں شامل اہلکاروں کو نوازا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button