دربھنگہ (محمد رفیع ساگر /قومی ترجمان بیورو) مقامی بلاک کے اہیاری جنوبی پنچایت کے وارڈ 2 میں تیز بارش کے دوران ایک گھر پہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کا علاج مقامی سطح پر کرایا گیا ہے۔جس وقت یہ حادثہ ہوا سبھی ایسبیسٹس والے مکان میں آرام کر رہے تھے۔متاثرہ کنبہ کے مطابق اس واقعہ میں بجلی کا سوئچ بورڈ بھی جل گیا اورمکان کی دیواربھی ٹوٹ گئی۔ مقامی مکھیا ناگیندر شرما اور پنچایت سمیتی رکن للن پاسوان نے بتایا کہ تیز بارش کے دوران اچانک نریش رائے کے گھر پر بجلی گر گئی۔ اس واقعے میں گھر میں بیٹھے 50 سالہ نریش رائے ، 45 سالہ ان کی اہلیہ سنیتا دیوی ، 67 سالہ اس کی والدہ جیگیا دیوی ، 18 سالہ بیٹی پھول کماری اور 24 سالہ بہو مکی دیوی جزوی طور پر جھلس گئیں۔متاثرین کا مقامی سطح پر کا علاج کرایا گیا۔
ادھر نروچھ بھاری گاؤں کے وارڈ نمبر 2 میں متھلیش ٹھاکر کے مویشی گھر پہ آسمانی بجلی گرنے سے 20کوئنٹل گندم سمیت بھوسا گھر جل کر خاک ہوگیا۔مقامی مکھیا راگھویندر پرسادنے اس واقعہ سے ہوئے مالی نقصانات کی اطلاع جالے سی او انیل کمار مشر کو دیتے ہوئے سرکاری معاوضے کی مانگ کی ہے۔