تبلیغی جماعت کے خلاف سعودی حکومت کا فیصلہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت: مفتی ثاقب قاسمی
مالیر کوٹلہ، پنجاب 14/ دسمبر (پریس ریلیز) مملکت سعودی عربیہ کے ذریعہ تبلیغی جماعت کے خلاف حالیہ موقف پر جہاں بڑے اداروں، تنظیموں اور مختلف شخصیات نے اپنی ناراضگی اور افسوس کا اظہار کیا ہے وہیں پر نوجوان عالم دین، استاذ حدیث وفقہ، جمعیۃ علماء کے ضلع سکریٹری مفتی ثاقب قاسمی نے سعودی حکومت کے اقدام کو تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افسوس ناک بتایا ہے، انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کو بدعات و خرافات، قبر پرستی اور دہشت گردی وغیرہ سے جوڑنا بالکل غلط اور حقیقت کے خلاف ہے،اس موقف اور فیصلے کو ہم غلط سمجھ کر اس کی پرزور مخالفت کرتے ہیں، سعودی حکومت کا فیصلہ اسلامی اصولوں کے خلاف ہے، سعودی حکومت بلا تحقیق اس طرح کے الزامات لگانے سے گریز کرے، اور اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے،
تبلیغی جماعت اس قت دنیا کی سب سے بڑی مؤثر دینی تحریک ہے، کم بیش پوری دنیا میں اس کا کام پھیلا ہوا ہے، یہ لوگوں کو دین سے جوڑنے کی ایک کامیاب کوشش میں مصروف عمل ہیں، ہندوستان سمیت دنیا بھر کے ملکوں میں اسلامی تعلیمات اور قرآن وسنت کے احکامات گھر گھر تک پہچانے کا کام کرتے ہیں،
انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت نے اصلاح معاشرہ کے بے شمار نایاب کارنامے انجام دیے ہیں، بھٹکے ہوئے لوگوں کو دین سے جوڑا ہے، یہ ایسی جماعت ہے جس کے افراد اپنی جان و مال خرچ کر کے اپنے کاندھوں پر اپنا سامان اٹھائے ہوئے بستی بستی گھومتے ہیں، نہ کسی سرکار سے کوئی فنڈ لیتے نہ کسی ادارہ سے کسی رقم کے خواہاں ہیں، اپنا مال خرچ کرتے ہیں، اپنا وقت صرف کرتے ہیں اور محض رضائے الٰہی اور اپنی اور لوگوں کی اصلاح کی غرض سے بے لوث پوری دنیا کا سفر کر رہے ہیں،
انہوں نے آخر میں مزید کہا کہ سعودی حکمراں اور ان کے اہلکار دن بدن امریکی ذہنیت کے شکار ہورہے ہیں، ایک طرف سعودی حکومت کا تبلیغی جماعت پر پابندی عائد کرنا تو دوسری جانب رقص وسرور کی محفلیں سجانا، سنیما ہال قائم کرنا، جوا وسٹہ بازی کو عام کرنا ناقابل فہم، افسوسناک اور قابل مذمت ہے اس مقدس سرزمین کو تو میرے آقا ﷺ نے ان برائیوں سے پاک فرمایا تھا۔