اہم خبریںحاجی پور، ویشالی

الحاج محمود عالم کی تالیف ” ازدواجی زندگی” کا شاندار اجرا ۔ رپورٹنگ : قمر اعظم صدیقی

الحاج محمود عالم کی تالیف ” ازدواجی زندگی” کا شاندار اجرا

حاجی پور(نمائندہ) الحاج محمود عالم بانی مدرسہ حسینیہ چھپڑہ خرد ویشالی کی تالیف ” از دواجی زندگی” مثالی ازدواجی زندگی گزارنے کی ایک بہترین رہنما کتاب ہے جس کا مطالعہ ہر اس شخص کو کرنا چاہئے جو اپنی ازدواجی زندگی کو خوشگوار اور با مقصد بناۓ رکھنا چاہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کاروان ادب حاجی پور کے جنرل سکریٹری انوار الحسن وسطوی نے گزشتہ ٢٣ نومبر ٢٠٢١ کو مدرسہ حسینیہ چھپڑہ خرد ویشالی میں منعقدہ ازدواجی زندگی کی رسم اجرا تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الحاج محمود عالم دین کے سچے اور مخلص خادم ہیں ۔ انہوں نے مسلمانوں کو صراط مستقیم پر چلنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک درجن کتابوں کی تصنیف و تالیف کا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ ان کی یہ کتاب ” ازدواجی زندگی” اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ تقریب اجرا کے مہمان خصوصی بزرگ عالم دین حضرت مولانا ابوالخیر جبریل نے اس موقع پر اپنے تاثرات میں الحاج محمود عالم صاحب کو اتنی عمدہ اور کار آمد کتاب تالیف دینے پر انہیں مبارکباد دی اور ان کی اس خدمت کو قبول کرنے کی دعا فرمائی۔‌ انھوں نے مدرسہ حسینیہ کے تعلق سے کہا کہ مدرسہ حسینیہ کی نسبت نبی کے نواسے سے ہے اس لیے اس مدرسہ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ تقریب اجرا کے صدر حضرت مولانا سید مظاہر عالم قمر شمسی سابق پرنسپل مدرسہ احمدیہ ابابکر پور ویشالی نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا کہ الحاج محمود عالم کی یہ کتاب بے حد کار آمد اور معلوماتی ہے ۔ اس کی زبان نہایت آسان اور سہل ہے لہزا کم پڑھے لکھے لوگ بھی اس سے بخوبی استفادہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ازدواجی زندگی کے تعلق سے اس کتاب میں بہت بیش قیمتی باتیں یکجا کی گئی ہیں جنہیں ہر شخص کو پڑھنا چاہیے اور اس پر عمل کرنا چاہیے ۔ صاحب کتاب الحاج محمود عالم نے اس موقع پر اپنے تاثرات میں کہا کہ اپنی اس کتاب کو تالیف دینے کا میرا مقصد یہ ہے کہ لوگ اسلامی طریقے سے شادی کا فریضہ انجام دیں۔ شادیات کے موقع سے غلط رسوم سے پرہیز کریں اور نکاح کے عمل کو آسان بنائیں۔ انہوں نے ملت کے صاحب ثروت اور اہل علم حضرات کو اس نیک عمل میں پہل کرنے کی کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں اصلاح لانے کا کام انہی طبقے کے لوگوں کی کوششوں سے انجام پا سکتا ہے ۔ رسم اجرا کی اس تقریب سے جن دیگر حضرات نے خطاب کیا ان میں مولاناعبدالقیوم شمسی ، مولانا نظرالہدی قاسمی ، مولانا آصف جمیل قاسمی ، ماسٹر طاہر حسین ، ماسٹر عظیم الدین انصاری ، ماسٹر عبدالقادر، قمر اعظم صدیقی ، ماسٹر عطاءالہدی ، مولانا صدر عالم ندوی، مفتی توقیر عالم قاسمی ، ابوالکلام ، سرفراز فاضل پوری ، اور ماسٹر محمد شکیل کے نام شامل ہیں ۔
مدرسہ حسینیہ چھپڑہ خرد ویشالی کے وسیع و عریض برآمدے پر منعقد اس رسم اجرا تقریب کا آغاز مدرسہ ہذا کے استاذ قاری جاوید عالم عرفانی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ محمد نعمت الله متعلم مدرسہ اور استاذ مولانا شمیم ریاض قاسمی نے نعت پاک کا نزرانہ پیش کیا۔ مدرسہ کا تعارف مدرسہ ہزا کے استاد مولانا طاہر ندوی نے نہایت جامع انداز میں پیش کیا۔
بعدہ سید مولانا مظاہر عالم شمسی ، مولانا ابوالخیر جبریل، مولانا عبدالقیوم شمسی ، الحاج محمود عالم ، آصف جمیل اور انوار الحسن وسطوی کے ہاتھوں کتاب کی رسم اجرا انجام دی گئی ۔ تقریب کی نظامت جواں سال عالم دین اور مدرسہ ہزا کے ناظم مولانا قمر عالم ندوی نے بحسن و خوبی انجام دیا ۔ مولانا سید مظاہر عالم قمر شمسی کی دعا پر تقریب اجرا اختتام پزیر ہوئ ۔ پروگرام کے اختتام پر الحاج محمود عالم کی جانب سے حاضرین جلسہ کو ظہرانہ دیا گیا ۔ اس پروقار تقریب اجرا میں ویشالی کے علاوہ سمستی پور ، مظفرپور اور دیگر مقامات کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کو کامیابی سے ہم کنار کرنے میں مدرسہ ہزا کے اساتزہ اور طلبہ نے اہم کردار ادا کیا

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button