دربھنگہ

سڑھواڑہ میں شراب کاروباری کو گرفتار کرنے گئی پولیس ٹیم پر پتھراؤ ، تھانہ انچارج سمیت 6 پولیس اہلکار زخمی، جیپ تباہ، 5 ملزمین گرفتار


3  بوتل شراب کے ساتھ گرفتار کاروباری بھی جیل رسید

دربھنگہ ( محمد رفیع ساگر / قومی ترجمان بیورو)

ضلع کے سمری تھانہ کے سرھواڑہ گاوں میں شراب کاروباری کو پکڑنے پہنچی سمری تھانہ کی چھاپہ ماری ٹیم پر لوگوں نے جمعہ کی رات پتھراو کرتے ہوئے جان لیوا حملہ کردیا۔اس واقعہ میں سمری تھانہ صدر سمیت 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے اور پولیس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔زخمیوں میں تھانہ انچارج ہری کشور یادو ، جمعدار اجیت کمار ، بیدناتھ پرساد پولیس فورس شیو پرساد ، منوج کمار ، رام آشیش یادو شامل ہیں جنہیں علاج کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر سنگھواڑہ میں داخل کرایا گیا ہے۔شراب کاروباریوں نے پولیس ٹیم پر لاٹھی ڈنڈے سمیت دیگر روایتی ہتھیاروں سے جان لیوا حملہ کیا۔رپورٹ کے مطابق غیر قانونی 3 شراب کی بوتل اور بائک کے ساتھ سڑھواڑہ رہائشی دیویندر سہنی کو پولیس گرفتار کرکے جیپ سے تھانہ لے جارہی تھی ۔اسی اثناء میں مقامی گاوں والوں نے سڑھواڑہ چوک پر پکڑی گئی شراب کو لوٹنے کی کوشش کی اور ملزم کو بھگانا چاہا جس پر پولیس نے کچھ سختی دکھائی تو لوگ منظم ہوگئے اور پولیس پر بے قصور شخص کو شراب کاروباری بتاکر گرفتار کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مشتعل ہوگئے حالانکہ گرفتار شخص پہلے بھی جیل جاچکا ہے۔مشتعل لوگوں نے پولیس کی رائفل چھیننے کی کوشش میں پولیس افسر پر پتھراؤ کیا اور اس پر جان لیوا حملہ کردیا۔اس دوران پولیس کی گاڑی کو بھی پتھر مار کر نقصان پہنچایا۔اس واقعہ میں زخمی تھانہ انچارج کا سر میں لگی شدید چوٹ کے بعدڈاکٹر کے مشورے پر سی ٹی اسکین کروایا گیا ۔ تمام پولیس عملے خطرے سے باہر بتائے گئے ہیں ۔اس معاملے میں 2  درجن افراد کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ شراب کے ساتھ گرفتار کاروباری اور بائک چھیننے کے الزام میں ایف آئی آر درج ہوئی ہے جس میں پلکت سہنی والد مکھن سہنی ، سنتوش سہنی ، امیت کمار سہنی ، رام دنیش سہنی، بلیرام سہنی سبھی ولد پلکت سہنی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔وہیں بھیڑ کو واردات کو انجام دینے کے لئے اکسانے پرسابق سرپنچ راجیش چودھری ، جئے لال سہنی ، چھوٹے لال سہنی، ویشیش سہنی، رام کشور سہنی ، سنیل سہنی ، سکیندر سہنی اور دیگر کو نامزد کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔جائے واردات کے آس، پاس لگی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے ۔ادھر شراب کاروباری دیویندر سہنی اور ضبط بائک کو لیکر ایک علیحدہ ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ایس ایچ او ہری کشور یادو نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر شراب لے جانے کی خفیہ اطلاع پر پولیس سڑھواڑہ میں چھاپہ ماری کر دیویندر سہنی کوگرفتار کیا تو آس پاس کے لوگ مشتعل ہوگئے ، پولیس اس معاملے کو شانت کرنے کی کوشش کررہی تھی ، اسی دوران شرپسندوں نے پولیس سے گالی گلوج کرتے ہوئے بدسلوکی کی اور ان پر جان لیوا حملہ کردیا۔ جمعہ کی رات واقعہ کی اطلاع پر متعدد تھانوں کی پولیس نے گاؤں میں ملزمین کے گھر پر سرچ آپریشن شروع کیا ہے ۔ سبھی ملزمین فرار بتائے گئے ہیں۔ معلوم ہو کہ رواں سال 21 جنوری کو بھی سڑھواڑہ چوک پر زمین تنازع کا معائنہ کرنے کے دوران گاوں والوں کی پولیس سے جھڑپ ہوئی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button