سمستی پور میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد نے خود کشی کر لی ہے ۔ تاہم خودکشی کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔ پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔پڑھیں مکمل خبر….
سمستی پور : بہار کے سمستی پور میں 5 لوگوں نے خودکشی کی ہے۔ ان تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔ اس واقعہ کے بعد پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ معاملہ ودیا پتی نگر تھانہ علاقہ کے ماؤ گاؤں کا ہے۔ جہاں منوج جھا اور ان کے خاندان کے تمام افراد نے پھانسی پر لٹک کر خودکشی کرلی۔
ایک ہی خاندان کے 5 افراد نے پھانسی لگا لی : مرنے والوں میں شوہر، بیوی، ماں اور دو بچے شامل ہیں۔ منوج جھا (42) اس کی بیوی سندر منی دیوی (38) ماں سیتا دیوی (65) بیٹے ستیم (10) اور شیوم (7) نے اجتماعی خودکشی کر لی۔
فی الحال موقع سے کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے تاہم پڑوسیوں نے مالی تنگی کے باعث خودکشی کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اسی دوران ڈی ایس پی دنیش کمار پانڈے کی قیادت میں پولس موقع پر پہنچی اور معاملے کی جانچ شروع کردی۔
ڈی ایس پی نے کیا کہا ؟ : ضلع کے ودیا پتی نگر تھانہ علاقہ کے تحت مو دھنیش پور جنوبی گاؤں میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی خودکشی سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ اس پر کوئی کھل کر بات کرنے کو تیار نہیں۔ وہیں ڈی ایس پی دنیش کمار پانڈے نے کہا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ فی الحال معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر یہ خودکشی کا معاملہ لگتا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اصل صورتحال سامنے آئے گی۔