چھپرہ : 28 دسمبر (قومی ترجمان) بہار کے سارن سے ملنے والی نو لڑکیوں کے معاملے میں نئی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ پولیس نے جب اس معاملے میں محمد نظام عرف پنکج تیواری سے پوچھ گچھ شروع کی تو اس نے حیران کن باتیں بتائیں۔اس نے بتایا کہ وہ بنگال سے ایک نابالغ لڑکی کو لے کر آیا تھا۔لڑکی کی ماں نے اس کے لیے اس سے 70 ہزار روپے لیے تھے۔اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ لڑکی کو ہر ماہ پانچ ہزار روپے بھی ملیں گے۔اس دوران لڑکی کی ماں کا لالچ بڑھ گیا۔وہ نظام سے مزید رقم کا مطالبہ کرنے لگی۔نظام اس سے راضی نہیں تھا اس لیے اس نے شکایت کر دی ۔یہ معاملہ ایک این جی او کے ذریعے نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ اور دہلی پولیس تک پہنچا۔
جب معاملہ دہلی پولیس تک پہنچا تو بنگال سے لڑکی کے موبائل کی لوکیشن ٹریس کر لی گئی۔اس سے پتہ چلا کہ وہ بہار کے سارن ضلع کے جلالپور تھانہ علاقے کے جلال پور-کوپا روڈ پر ہے۔اس کے بعد سارن پولیس سے رابطہ کیا گیا اور آخر کار محمد نظام کے ساتھ 9 نابالغ لڑکیوں کو بازیاب کرایا گیا۔ان میں نو میں سے دو نابالغ لڑکیوں کو بنگال اور سکم سے آئی پولس اپنے ساتھ لے گئی۔سپرنٹنڈنٹ نے دیگر لڑکیوں کے رشتہ داروں کو مطلع کر دیا ہے۔ وہ ابھی تک نہیں پہنچے ہیں ۔ محمد نظام عرف پنکج اور رنجیت کو بنگال پولس ریمانڈ پر لے گی۔اس کی تیاری کی جا رہی ہے۔
جلالپور-کوپا روڈ پر واقع بازار میں سنتوش تیواری کے گھر کرائے کا مکان لے کر سپول ضلع کے نرملی تھانہ کے بیلہ سنگرموتی گاؤں کے محمد نظام عرف پنکج تیواری تقریباً ایک سال سے رہ رہے تھے۔وہ آرکیسٹرا گروپ چلاتا تھا۔اس میں وہ باہر سے لڑکیوں کو لا کر آرکسٹرا میں ڈانس کروانے کا کام اپنے ذمے لے لیتا تھا۔
سکڑی گاؤں کا رہنے والا رنجیت اس کا ساتھی تھا۔ ان دونوں کو سارن پولیس نے نو نابالغ لڑکیوں کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔محمد نظام نے ایک سال قبل بنگال کی ایک لڑکی مایا سے شادی کی تھی۔
پنکج بنگال سے جس لڑکی کو لایا تھا اس نابالغ لڑکی کی ماں کو 70 ہزار روپے دیئے تھے۔ نابالغ لڑکی کو ماہانہ پانچ ہزار دینے کی بات ہوئی۔ لڑکی کی ماں کچھ اور پیسے مانگنے لگی، پیسے نہیں ملنے پر شکایت کر دی گئی۔