POSTS

ناول (میگزین)

  • سکشمتا 4 کا رزلٹ جاری، صرف 33 فیصد اساتذہ ہوئے کامیاب

    سکشمتا 5 کے لیے درخواستیں 31 دسمبر سے 9 جنوری تک لی جائیں گی۔

    بہار اساتذہ اہلیت امتحان (सक्षमता परीक्षा) کے چوتھے مرحلے کا نتیجہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں 33.02 فیصد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ یہ امتحان ریاست کے سرکاری اسکولوں میں مقامی نکائے کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کی اہلیت جانچنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

    محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق اس امتحان میں کل 1,49,386 امیدوار شریک ہوئے تھے، جن میں سے 4,932 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ کامیاب امیدواروں کی فہرست https://cdn3.digialm.com//EForms/configuredHtml/1631/94473/login.html پر جاری کر دی گئی ہے، جہاں امیدوار اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔

    کلاس وار نتائج کے مطابق، پہلی سے پانچویں جماعت کے لیے شامل 13,726 امیدواروں میں سے 4,182 امیدوار کامیاب ہوئے، جو کہ 30.47 فیصد بنتا ہے۔ کلاس چھٹی سے آٹھویں کے لیے شامل 387 امیدواروں میں سے 266 امیدوار کامیاب ہوئے، جس کا تناسب 68.73 فیصد رہا۔ کلاس نویں اور دسویں کے لیے شامل 592 امیدواروں میں سے 354 امیدوار کامیاب ہوئے، یعنی 59.80 فیصد۔ جبکہ کلاس گیارہویں اور بارہویں کے لیے شامل 231 امیدواروں میں سے 130 امیدوار کامیاب قرار پائے، جن کا فیصد 56.28 رہا۔

    ادھر بہار بورڈ کے چیئرمین نے اعلان کیا ہے کہ اہلیت امتحان کے پانچویں مرحلے کے لیے درخواستیں 31 دسمبر سے 9 جنوری تک لی جائیں گی۔ اس مرحلے میں شامل ہونے والے اساتذہ کے لیے امتحان کی تاریخ اور دیگر تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

    محکمہ تعلیم کے مطابق اہلیت امتحان کا مقصد مقامی نکائے کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کو ریاستی سرکاری ملازم کا درجہ دینا ہے، تاکہ تعلیمی نظام کو مزید مضبوط اور معیاری بنایا جا سکے۔

  • بہار مدرسہ بورڈ: فوقانیہ اور مولوی امتحانات 19 جنوری سے شروع، شیڈول جاری

    بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ نے سال 2025 کے لیے فوقانیہ (میٹرک) اور مولوی (انٹر) کے امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق، دونوں امتحانات 19 جنوری 2026 سے شروع ہوں گے اور 25 جنوری تک جاری رہیں گے۔ جبکہ پریکٹیکل امتحانات 27 جنوری کو منعقد ہوں گے۔

    کنٹرولر امتحانات دلشاد مستقیم نے بتایا کہ امتحانات کے نتائج 31 مارچ سے پہلے جاری کر دیے جائیں گے۔ اس سال دونوں امتحانات میں تقریباً ایک لاکھ طلباء و طالبات شرکت کر رہے ہیں۔

    اہم تاریخیں اور ہدایات: ڈمی ایڈمٹ کارڈ: طلباء کے ڈمی ایڈمٹ کارڈ 20 دسمبر سے بورڈ کی ویب سائٹ http://www.bsmeb.org پر دستیاب ہوں گے، جس میں کسی بھی غلطی کی اصلاح کرائی جا سکتی ہے۔

    • امتحانی اوقات:
    • پہلی نشست: صبح 8:45 سے دوپہر 12:00 بجے تک۔
    • دوسری نشست: دوپہر 1:45 سے شام 5:00 بجے تک۔
      (طلباء کو پرچہ پڑھنے کے لیے 15 منٹ کا اضافی وقت دیا جائے گا)

    فوقانیہ امتحان (میٹرک) کا شیڈول| تاریخ | دن | پہلی نشست (8:45 تا 12:00) | دوسری نشست (1:45 تا 5:00)


    | 19 جنوری | اتوار | عربی | فارسی |
    | 20 جنوری | پیر | دینیات اول | دینیات دوم |
    | 22 جنوری | بدھ | اردو | ہندی |
    | 24 جنوری | جمعہ | ریاضی (Math) | سائنس |
    | 25 جنوری | ہفتہ | سماجی علوم (Social Science) | انگریزی |


    مولوی امتحان (انٹر) کا شیڈولمولوی کے امتحانات کو آرٹس، سائنس، کامرس اور اسلامیات کے اسٹریمز (Streams) میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    1. مولوی آرٹس (Arts) 19 جنوری: عربی (پہلی نشست) | اردو (دوسری نشست)

    • 20 جنوری: دینیات اول | دینیات دوم
    • 22 جنوری: انگریزی/ہندی/فارسی | تاریخ (History)
    • 24 جنوری: جغرافیہ (Geography) | سیاسیات (Pol. Science)
    • 25 جنوری: معاشیات (Economics) | ہوم سائنس (Home Science)

    2. مولوی سائنس (Science) 19 جنوری: عربی (پہلی نشست) | اردو (دوسری نشست)

    • 20 جنوری: دینیات اول | دینیات دوم
    • 22 جنوری: انگریزی/ہندی/فارسی | طبیعیات (Physics)
    • 24 جنوری: کیمیا (Chemistry) | حیاتیات/ریاضی (Bio/Math)

    3. مولوی کامرس (Commerce) 19 جنوری: عربی (پہلی نشست) | اردو (دوسری نشست)

    • 20 جنوری: دینیات اول | دینیات دوم
    • 22 جنوری: انگریزی/ہندی/فارسی | بزنس اسٹڈی
    • 24 جنوری: اکاؤنٹنسی | معاشیات/انٹرپرینیورشپ

    4. مولوی اسلامیات (Islamiyat)*19 جنوری: عربی (پہلی نشست) | اردو (دوسری نشست)

    • 20 جنوری: اسلامک ہسٹری | اسلامک سیاسیات و اقتصادیات
    • 22 جنوری: انگریزی/ہندی/فارسی | دینیات اول
    • 24 جنوری: دینیات دوم | دینیات سوم

    مزید معلومات کے لیے طلباء بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ وزٹ کریں۔

  • نگاہوں نے زمین پر آسماں دیکھا

    🖊️اسجد نعمانی کشن گنجی دارالعلوم دیوبند

    ربیع الثانی١٤٤٧ھ کی اٹھارہ ویں تاریخ (11/اکتوبر) تھی؛ یہ دن تاریخ ساز اور یادگار دن تھا ؛ کیوں کہ آج افقِ دارالعلوم پر آفتابِ عالَم کے طلوع ہونے کے بعد ایک آفتابِ علم و سیاست بھی طلوع ہونے کو تھا۔جی ہاں! حکومتِ طالبان کے وزیر خارجہ مولوی ”امیر خان متقی“ حفظہ اللّٰہ اپنےعلمی ، روحانی اور دیرینہ تعلقات کی تجدید اور اساتذہ و طلبہ سے ملاقات کے لیے "دارالعلوم دیوبند” آنے والے تھے۔ ان کے چھ روزہ دورۂ ہند کے دوران انہی کی خواہش پر خود حکومت اپنی سرپرستی میں مکمل پروٹوکول کے ساتھ "متقی” صاحب کو "دارالتقویٰ” لانے والی تھی۔

    مہمان مکرم کی آمد سے پہلے ان کے اعزاز و اکرام کی تیاریاں زوروں پر تھیں۔ عمدہ سے عمدہ انتظامات کیے گئے؛ جس میں ذمہ داران، اساتذۂ کرام اور طلبۂ عزیز کی عرق ریزیاں کار فرما رہیں، انہوں نے خود کو مکمل طور پر اس انتظام و انصرام میں جھونک دیا تھا؛ غرض ہر ممکن نظم و نسق کیا گیا۔ چنانچہ "لائبریری” میں بعد ظہر ایک عام استقبالیہ تقریب بھی رکھی گئی جس سے مہمان معزز کا خطاب ہونا تھا۔ 11 اکتوبر کا سورج نمودار ہوا۔ آج ہوائیں خوش گوار تھیں اور فضائیں مشک بار۔ پھول اور کلیاں رقص کناں تھیں اور میکدہ و صحن خانہ سبزہ زار؛ دارالعلوم تو دارالعلوم ؛ مے خانے کا ہر بادہ خور، گہوارے کا ہر بچہ، شہ پارے کا ہر شہ سوار اور شبستان کا ہر مہر تاباں؛ اپنی پلکیں بچھائے، جذبۂ عقیدت سے معمور اور شوقِ زیارت سے مخمور؛ مہمانِ مکرم کے منتظر و مشتاق تھے، مرحبا مرحبا کی پاکیزہ صدائیں بلند کررہے تھے اور خوش آمدید کی نغمہ سنجی کررہے تھے۔

    ان کی آمد پر دارالعلوم کی ہدایت کے مطابق "جی ٹی روڈ” سے لیکر "لائبریری” تک تمام طلبہ دو رویہ کھڑے تھے۔ سبھی کی روحیں اُسی شخصیت کی دید کی پیاسی تھیں۔ بالآخر جوں ہی وہ ہستی قدم رنجا ہوئی قافلۂ عشاق نے والہانہ استقبال کرتے ہوئے گل پاشیاں شروع کر دیں، محبت و ارادت کی بنا پر عقیدت مندوں کا ازدحام ان کی گاڑی پر اس طرح گِرنے لگا جیسے پروانے بےتاب ہو کر شمع پر گرتے پڑتے ہیں۔ جب اس بے قابو ہجوم کے سبب کافی دیر میں "لائبریری” تک رسائی ہوگئی تو وزیر محترم”دار الحدیث” فروکش ہوئے، محبت بھرے انداز میں طلبہ کو سلام کیا، اس تاریخی گرم جوش استقبال پر شکریہ اداکرتے ہوئے فخریہ صدا لگائی : "دیوبند ہمارا مادرِ علمی ہے” ، پھر حضرت مہتمم صاحب سے حدیث مبارکہ پڑھ کر سند و اجازت حدیث حاصل کی، مبارک سند کو سینے سے لگایا اور پھر ایک وزیرِ دہر "شاگرد” نے ایک محدّثِ عصر "استاذ” کے ماتھے پر بوسا دیا۔

    شخصیت‌ بھی دل کش، سراپا جاذب نظر۔ چہرہ آفتابی و نورانی، ریش گھنی و کشادہ پیشانی، سرخ و سپید رنگ، ایمان و یقین کی ترنگ، قد رعنا و دراز، سر تا پا پاک باز، راہِ سیاست کے راست باز، عینِ شباب سے ہی جاں باز، نازک و نرم گفتار، پُر رعب و سلیقہ شعار، عمامہ سنت و روایت کا علمبردار، وزارت خارجہ کے عہدیدار، مدبر و بردبار۔‌ یہ ہے ایسے صفات و کمالات کی حامل ہستی جن کی ایک جھلک دیکھنے کو لوگ نا شکیبا و بے قرار۔

    دارالعلوم دیوبند میں لی گئی یادگار تصاویر

    نگاہوں کو خیرہ کردینے والی اِس شخصیت کے دیدار کے لیے محبین و عاشقین کا جمّ غفیر، وہ پرکیف نظارہ، "دارالحدیث” کا وہ پرنور و روح پرور منظر اور پورے احاطۂ "دارالعلوم” کا وہ سماں؛ سب دیدنی تھے جو دلوں کے نہاں خانے میں نقش ہو گئے۔ اچانک یہ خبر ملی کہ اتنی بے قابو بھیڑ میں بد نظمی ہو جانے اور دیگر سیکورٹی مسائل کے سبب مجوزہ استقبالیہ تقریب منسوخ ہوگئی، اس خبر نے ہماری آرزوؤں کو چکنا چور کر دیا، یاس و الم کے بادل چھا گئے، پھر بھی میرے دل میں کچھ امید تھی؛ مگر جب منسوخ ہونا یقینی ہوگیا تو راقم بے حد غم آشام و رنجیدہ ہوا۔ کیوں کہ اب مہمان مکرم کی واپسی پختہ ہو گئی تھی۔

    بالآخر جوں ہی گاڑی مدنی گیٹ کی طرف بڑھنے لگی تو انہوں نے عقیدت و محبت کے پر مسرت اور بیکراں جزبات کے اظہار کے لیے "سن روف” سے نکل کر دونوں ہاتھ فضا میں لہراتے ہوئے الوداعی سلام لیا اور ہمیں خبر آباد کہ کر لازوال نقوش چھوڑ گئے۔

    رہا چمن تو پھول کھلیں گے
    رہی زندگی تو پھر ملیں گے

  • انٹرمیڈیٹ پاس اقلیتی طالبات کو ملے گا ₹15,000 کی رقم!

    انٹرمیڈیٹ پاس اقلیتی طالبات کے لیے ₹15,000 کی ترغیبی رقم!

    وزیراعلیٰ اقلیتی طلبہ ترغیب اسکیم 2025
    محکمہ اقلیتی فلاح، بہار، پٹنہ کی جانب سے ایک اہم اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ اقلیتی طلبہ ترغیب اسکیم 2025 کے تحت، بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ، پٹنہ (اعلیٰ ثانوی) سے انٹرمیڈیٹ میں فرسٹ ڈویژن سے کامیاب ہونے والی 1699 مسلم طالبات کو ₹15,000 کی ترغیبی رقم دی جائے گی۔
    یہ فہرست اقلیتی فلاح دفتر، پٹنہ کی جانب سے جاری کر دی گئی ہے۔

    🔹 فائدہ کیا ہوگا؟

    اس اسکیم کے تحت اہل اقلیتی طالبات کو ₹15,000 کی رقم ان کی اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کے لیے دی جائے گی تاکہ وہ تعلیمی میدان میں مزید آگے بڑھ سکیں۔

    🔹 ادائیگی کا طریقہ اور ضروری دستاویزات:

    ترغیبی رقم CFMS سسٹم کے ذریعے براہ راست طالبہ کے آدھار لنکڈ بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ بر وقت ادائیگی کے لیے درج ذیل دستاویزات تیار رکھیں:

    1. بینک پاس بک کی فوٹو کاپی (اکاؤنٹ نمبر اور IFSC کوڈ واضح ہو)
    2. آدھار کارڈ (بینک اکاؤنٹ سے لنک ہونا لازمی)
    3. مستقل رہائش کا سرٹیفکیٹ (بہار کا مستقل باشندہ ہونا ضروری)
    4. انٹرمیڈیٹ کی مارک شیٹ اور ایڈمٹ کارڈ
    5. ایک فعال موبائل نمبر

    🔹 درخواست کیسے دیں؟

    تمام اہل طالبات کو چاہیے کہ اپنے ادارے سے درخواست فارم کی تصدیق کروا کر ایک ہفتے کے اندر خود یا اسکول کے ذریعے اسے ضلع اقلیتی فلاح دفتر، پٹنہ میں جمع کریں۔
    متعلقہ اسکولوں کو تمام منتخب طالبات کی فہرست فراہم کر دی گئی ہے۔ طالبات اپنے اسکول سے رابطہ کر کے لسٹ میں اپنا نام چیک کر سکتی ہیں۔

    📌 تمام اصل دستاویزات ہمراہ لے جانا نہ بھولیں تاکہ تصدیق میں سہولت ہو۔

    🔹 مزید معلومات کے لیے:

    طالبات کی فہرست اور مزید تفصیلات محکمہ کی جانب سے اسکولوں کو فراہم کی گئی ہیں۔
    یہ معلومات بہار حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button