ریل میں سفر کرنے والوں کے لیے خوشخبری ہے۔ اب آپ کو ٹرین کا ٹکٹ بک کروانے کے لیے ریلوے اسٹیشن جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اب آپ اپنے قریبی پوسٹ آفس سے بھی ٹکٹ بک کر سکتے ہیں۔ دراصل مسافروں کی سہولت اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھارتی ریلوے نے اب پوسٹ آفس سے بھی ٹکٹ بک کروانے کی سہولت فراہم کی ہے۔اس کے لیے ٹکٹ بکنگ کا انتظام کرنے والی کمپنی انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (IRCTC) نے ایک نئی سروس شروع کی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ یہ ریلوے کو جدید بنانے کے منصوبے کا ایک حصہ ہے جس کے تحت انڈین ریلوے محکمہ ڈاک کے ساتھ مل کر پوسٹ آفس میں ٹرین ریزرویشن کی سہولت شروع کر رہا ہے۔ریلوے اہلکار کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق ابتدائی طور پر اتر پردیش میں تقریباً 9147 ڈاکخانوں میں ٹکٹ بکنگ کی سہولت دستیاب کرائی جائے گی۔ تاہم اس سہولت سے لوگوں کا کافی وقت بچ جائے گا کیونکہ انہیں ٹکٹ بک کروانے کے لیے اسٹیشن یا ایجنٹوں کے پاس نہیں جانا پڑے گا۔ مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو نے اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں IRCTC کی اس نئی سہولت کا آغاز کیا ہے۔
ریلوے کی اس سروس سے سب سے زیادہ فائدہ اگر کسی کو ہونے والا ہے تو وہ گائوں والوں کو ہوگا۔ دور دراز دیہاتوں اور دور دراز مقامات پر رہنے والے لوگوں کو بھی بکنگ کرنے میں کافی سہولت ہوگی۔ کوئی بھی اپنا ٹکٹ قریب ترین پوسٹ آفس سے آسانی سے حاصل کر سکےگا۔