سیوان (قومی ترجمان) بہار کے مشہور سابق ایم پی، قدآور لیڈر شہاب الدین کی بیٹی ہیرا شہاب کی شادی پیر کو مشرقی چمپارن کے رہنے والے ڈاکٹر شادمان کے ساتھ شاہی انداز میں ہوئی۔نکاح کے لیے دولہا دو سو سے زیادہ گاڑیوں کے ساتھ باراتی کے ہمراہ شہاب الدین کی رہائش گاہ سیوان کے پرتاپ پور پہنچا۔ حالانکہ بیٹی کی شادی میں صاحب خود موجود نہیں تھے( کیونکہ یکم مئی کو دہلی کے ایک اسپتال میں کورونا وائرس کے باعث ان کی موت ہوگئی تھی) تاہم تقریب کی شان و شوکت قابلِ دید رہی۔
شادی کی تقریب میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو، سابق وزیر عبدالباری صدیقی، جاپ کے قومی صدر پپو یادو، آر جے ڈی ایم ایل اے ریتلال یادو، سابق ایم پی گردھاری لال یادو سمیت کئی سیاسی شخصیات بھی موجود تھیں۔ حالانکہ سی ایم نتیش کمار کو بھی مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ نہیں آئے۔بیٹی کی شادی کے ساتھ ہی بیٹے اسامہ کا ولیمہ بھی ہوا۔
واضح رہے کہ اسامہ کی شادی 13 اکتوبر کو سیوان کے عائشہ سے ہوئی تھی۔ عائشہ پیشے سے ڈاکٹر ہیں اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس کیا ہے۔ اسامہ لندن سے قانون کی تعلیم کے بعد آیا ہے۔
مہمانوں کے استقبال کے لیے پنڈال کو شاندار طریقے سے سجایا گیا تھا۔ خاص طور پر ویجیٹیرین اور نان ویجیٹیرین پکوان تیار کیے گئے تھے ۔
اس کے لیے بالخصوص یوپی اور بنگال سے باورچیوں اور کاریگروں کو بلایا گیا۔پانچ سو سے زائد چولہے کھانا پکانے کے لیے استعمال ہوتے تھے۔ راستے میں کئی مقامات پر جلوس کا پھولوں سے استقبال کیا گیا۔تقریب کی تیاریاں مہینوں سے جاری تھیں۔