پواخالی /کشن گنج (قومی ترجمان) پواخالی نگر پنچایت کے شیشہ گاچھی علاقے میں ہفتہ کو ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ واضح رہے کہ دو حقیقی بھائی ہفتہ کے روز زیر تعمیر بیت الخلا کی ٹینک میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت مسعود عالم ولد زاہد الرحمان اور مرغوب عالم (حقیقی بھائی) کے نام سے ہوئی ہے۔ معلوم ہو کہ مسعود عالم کی فوری موت ہو گئی تھی ۔ جبکہ متوفی کے چھوٹے بھائی مرغوب علاج کے لیے کشن گنج لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ دیا تھا ۔
بتایا جاتا ہے کہ مرغوب اپنے بڑے بھائی مسعود عالم کو بچانے کے لیے ٹینک میں اترا تھا۔ اس دوران اس کا دم گھٹنے لگا جس پر گھر والے اسے بہتر علاج کے لیے کشن گنج لے گئے لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد مقتول مسعود عالم اور مرغوب عالم (دونوں حقیقی بھائی) کے گھر میں کہرام مچ گیا۔
گھر والوں کی چیخ و پکار سے پورا ماحول سوگوار ہو گیا۔ اس واقعہ کی وجہ سے نہ صرف شیشہ گاچھی علاقہ بلکہ پورے پواخالی میں سکوت چھا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متوفی کے گھر پر بھیڑ جمع ہونا شروع ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق مسعود عالم اپنے بیت الخلا کے زیر تعمیر ٹینک کی سیٹنگ کھول رہے تھے کہ ٹینک کے اندر دم گھٹنے سے موت واقع ہوگئی۔
بروز اتوار دن گیارہ بجے دونوں بھائیوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ پواخالی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔ وہیں مقامی لوگوں نے اس دردناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔