تعلیم سے کسی بھی فرد یاقوم کی محرومی اپنی شناخت کومٹانےکے مترادف ہے : مرغوب صدری علیگ
سمستی پور (نمائندہ) سرسید فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سرسید لائبریری فاضل پور، شاہ پور بگھونی میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سرسید فاؤنڈیشن کے ذریعے معاشرے میں تہذیب و تمدن اور ترقی کے لیے حصول تعلیم،تعلیم کی اہمیت، افادیت اور فروغ کے مقصد کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔اس دوران سرسید فاؤنڈیشن کے چیئرمین مرغوب صدری علیگ نے کہا کہ تعلیم ہی ایک واحد راستہ ہے جس کے ذریعہ کسی بھی مقصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔
عالمگیریت اور مسابقت کے اس دور میں تعلیم ہی وہ روشنی ہے جو اندھیرے کو مٹائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم نظام زندگی کا احاطہ کرتی ہے ، معاشرے میں بیداری لاتی ہے اور کسی بھی ملک کی ترقی اس ملک کے شرح خواندگی پر ہی منحصر ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد یا معاشرے کی تعلیم سے خود کو محروم کرنا گویا اپنی شناخت کومٹانے کے مترادف ہے۔
اس دوران اپنے خطاب میں الھدی اردو لائبریری کے ڈائریکٹر نظام الدین ندوی صاحب نے نوجوانوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ اس قوم کی امانت ہیں اور نوجوان ہی معاشرے میں تبدیلی لا سکتے ہیں اور یہ تبدیلی معاشرے میں تعلیم کے فروغ کے ذریعہ ہی ممکن ہے اس لیے حصول تعلیم کو اپنا مقصد بنا لیں۔اس موقع پر نازش زماں اور راشد صدری نے بھی خطاب کیا۔