نماز عید الاضحٰی اور قربانی سے متعلق امت مسلمہ سے عاجزانہ اپیل۔مولانا محمد مجیب رحمانی۔ناظم وبانی مولانا ابوالکلام آزاد اسلامیہ کالج سہرسہ
نماز عید الاضحٰی اور قربانی سے متعلق امت مسلمہ سے عاجزانہ اپیل۔مولانا محمد مجیب رحمانی۔ناظم وبانی مولانا ابوالکلام آزاد اسلامیہ کالج سہرسہ بہار۔
گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحٰی اور قربانی کی عبادت کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی پابندی کے درمیان کی جاۓ گی ۔ بہار کے کئی ملی جماعتوں کے ذمہ داروں نے بھی اپیل کی ہے اور وہ یہ کہ عید الاضحٰی کی نماز واجب ہے ضرور ادا کریں،مگر حکومت بہار کے گائڈ لائن کا بھی پاس و لحاظ رکھیں،نماز کے بعد مصافحہ اور معانقہ سے پرہیز کریں۔ شمالی بہار کے مختلف اضلاع میں ندیوں کا پانی گاؤں تک آگیا ہے ،لھذا قربانی کے فضلات، لید، خون، اوجھریاں وغیرہ پانی میں نہ ڈالیں، ندیوں میں نہ بہائیں۔بلکہ غیر ضروری تمام چیزیں زمین میں دفنادیں ۔ یاد رکھۓ اسلام میں کسی بھی طرح کی گندگی بدبو اور تعفن کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔مزید یہ کہ ہم جس ملک میں رہتے ہیں اور قیامت تک ہماری نسل کو رہنا ہے، اس میں کثیر آبادی ہمارے غیر مسلم بھائیوں کی ہے ، جو ہمارے پڑوسی بھی ہیں انہیں ہمارے کسی عمل سے تکلیف نہ پہنچے اس کا خاص خیال رکھیں۔ ذبح شدہ کسی جانور کی تصویر ہرگز ہرگز نہ لیں اور نہ کسی کو لینے دیں۔بچہ غلطی کرے تو اسے فوراً ڈلیٹ کردیں تاکہ آپ کے موبائل سے کسی ایسی جگہ شئیر نہ ہو جائے جس سے آپ خواہ مخواہ تکلیف میں آجائیں۔قربانی پردے میں کریں۔دوسرا بکرا یا کوئی زندہ جانور وہاں اگر ہو تو اس کو ہٹا دیں۔قربانی کرتے وقت جسم سے حلق کی طرف آنے والا رگ ہمارے ہاتھوں دبے نہیں اس پر بھی نظر رہے ورنہ گوشت ناپاک ہونے کا خطرہ ہے ، بعض قصائی کو دیکھا گیا ہے کہ حلق کے طرف آنے والی موٹی رگ کو ذبح کے بعد بھی چند سکنڈ کے لئے دبا دیتے ہیں تاکہ تیزی سے باہر نکلنے والا خون باہر نکلنے کے بجائے گوشت میں سرایت ہوکر گوشت کے وزن کو بڑھادے ، ایسا کرنے سے فاسد خون کی تلبیثی کے سبب گوشت حرام ہوجاتا ہے لہٰذا ذبح کے وقت گلے کا چمڑا اس طرح پکڑیں کہ رگ نہ دبے نیز ذبح کے بعد کچھ لوگ چاروں پاؤں کی رگیں کاٹتے ہیں اسی طرح سانس والی نالی میں چھوڑی گھوپ تے رہتے ہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے ۔اس عظیم خیر خواہی کے دنوں میں بڑا خیر یہ ہے کہ غریب سے غریب شخص کے بچے بھی سیراب ہوکر گوشت کھالیں۔لھذا کرونا کے دور میں غریب غریب ترہو گۓ ہیں ، ہم خوب خوب دل کو فراخ کریں اور اپنے پڑوسیوں رشتہ داروں اور گاؤں کے غریبوں کے چولہا سے بھی گوشت کی خوشبو اٹھے اسے ضرور دھیان میں رکھیں، اللہ ہماری قربانی اور نماز عید الاضحٰی کو قبول فرمائے اور اچھے اعمال کی توفیق دے کر ہم سب پر اپنا فضل واحسان فرمائے آمین۔