موسم سرما کا خاص پکوان ” ساگ "
سردیوں کے بہت سارے پکوان ہیں مگر کچھ پکوان سردیوں کی آن بان شان ہیں۔ جیسا کہ ساگ، مکھن مکئی کی روٹی اور چاٹی کی لسی۔ جاڑا ہو اور ساگ نہ پکے ایسا ممکن ہی نہیں۔ ساگ ہر گھر میں پکنے والی ایک خاص ڈش ہے جسے مکئی کی روٹی اور چاٹی کی لسی کے ساتھ بڑے شوق سے کھایا جاتا ہے۔
ساگ توڑنے سے لے کر اسے پکانے تک کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ خواتین صبح سے ہی ساگ پکانے میں لگ جاتی ہیں کیونکہ ساگ پکانے میں کافی وقت لگ جاتا ہے بلکہ یوں کہنا چاہئے کہ پورا دن ساگ کی نظر ہو جاتا ہے اور تب کہیں جا کر ساگ کی ڈش تیار ہوتی ہے۔
چونکہ ساگ سردیوں کا بادشاہ کہلاتا ہے اور خواتین اسے پکانے کا اہتمام بھی پھر کنیزوں کی طرح کرتی ہیں۔
ساگ پکانے کی ترکیب
اجزاء : ۳/کلو ساگ، ایک کلو پالک، ایک گٹھی باتھو، آدھا پاؤ ہری مرچی، نمک حسب ذائقہ، آدھا پاؤ سبز پیاز، آدھا پاؤ، پاؤ سبز لہسن، ایک گٹھی سبز دھنیا، ایک کھانے کا چیچ ادرک پیسٹ مٹھی بھر گندم / مکئی کا آٹا اور حسب ضرورت تیل۔
ترکیب : سب سے پہلے چھری کی مدد سے ساگ، پالک اور باتھو کو باریک باریک کاٹ لیں اور کاٹنے کے بعد کھلے پانی میں دھولیں، پھر پتیلے میں پانی ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں اور جب پانی کو ابال آ جائے تو اس میں ساگ، پالک، باتھو اور سبز مرچ شامل کر دیں اور اس وقت تک پکائیں جب تک گل نہ جائے اور گلنے کے بعد اسے گھوٹنے کی مدد سے گھوٹ لیں۔
گھوٹنے کے بعد اسے دوبارہ چولہے پر چڑھا دیں اور اب اس میں مٹھی بھر گندم یا مکئی کا آٹا شامل کر دیں اور 10 منٹ تک پکائیں۔
اب دوسری دیگچی میں تیل ڈالیں اور چولہے پر چڑھا دیں ۔ تیل گرم ہونے کے بعد اس میں سبز پیاز، سبز لہسن، ادرک کا پیسٹ، حسب ذائقہ نمک ڈال کر پانچ منٹ تک بھون لیں اور ساگ میں مکس کر دیں اور آخر میں سبز دھنیہ ڈال لیں۔ مزیدار ساگ تیار ہے۔ مکئی کی روٹی پکھن اور چاٹی کی لسی کے ساتھ تناول فرمائیں۔
مدیحہ ریاض ( بشکریہ انقلاب)