سکشمتا 4 کا رزلٹ جاری، صرف 33 فیصد اساتذہ ہوئے کامیاب

سکشمتا 5 کے لیے درخواستیں 31 دسمبر سے 9 جنوری تک لی جائیں گی۔
بہار اساتذہ اہلیت امتحان (सक्षमता परीक्षा) کے چوتھے مرحلے کا نتیجہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں 33.02 فیصد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ یہ امتحان ریاست کے سرکاری اسکولوں میں مقامی نکائے کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کی اہلیت جانچنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق اس امتحان میں کل 1,49,386 امیدوار شریک ہوئے تھے، جن میں سے 4,932 امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ کامیاب امیدواروں کی فہرست https://cdn3.digialm.com//EForms/configuredHtml/1631/94473/login.html پر جاری کر دی گئی ہے، جہاں امیدوار اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔

کلاس وار نتائج کے مطابق، پہلی سے پانچویں جماعت کے لیے شامل 13,726 امیدواروں میں سے 4,182 امیدوار کامیاب ہوئے، جو کہ 30.47 فیصد بنتا ہے۔ کلاس چھٹی سے آٹھویں کے لیے شامل 387 امیدواروں میں سے 266 امیدوار کامیاب ہوئے، جس کا تناسب 68.73 فیصد رہا۔ کلاس نویں اور دسویں کے لیے شامل 592 امیدواروں میں سے 354 امیدوار کامیاب ہوئے، یعنی 59.80 فیصد۔ جبکہ کلاس گیارہویں اور بارہویں کے لیے شامل 231 امیدواروں میں سے 130 امیدوار کامیاب قرار پائے، جن کا فیصد 56.28 رہا۔
ادھر بہار بورڈ کے چیئرمین نے اعلان کیا ہے کہ اہلیت امتحان کے پانچویں مرحلے کے لیے درخواستیں 31 دسمبر سے 9 جنوری تک لی جائیں گی۔ اس مرحلے میں شامل ہونے والے اساتذہ کے لیے امتحان کی تاریخ اور دیگر تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اہلیت امتحان کا مقصد مقامی نکائے کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کو ریاستی سرکاری ملازم کا درجہ دینا ہے، تاکہ تعلیمی نظام کو مزید مضبوط اور معیاری بنایا جا سکے۔



