اہم خبریںبہارتعلیم و روزگارکشن گنج

کشن گنج : مدرسہ حزب المسلمین پوناس میں قاری ثاقب انور کی 8/سالہ بیٹی ودیگر 5/حفاظ کی تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر دعائیہ تقریب کا انعقاد

  • اب انہیں بورڈ کے مدارس اور غیر اقامتی مکاتب کے ذریعہ سے ہی دینی تعلیم کا شمع جلانا ہوگا اور آنے والی نسلوں کی دین و ایمان کی حفاظت کا کام کرنا ہوگا: عبدالباری قاسمی

کشن گنج : 28/ جنوری 2022ء بروز جمعہ بمقام جامع مسجد پوناس، عائشہ ناز بنت قاری ثاقب انور صاحب اور زاہدیہ مکتب و مدرسہ حزب المسلمین پوناس، سونتھا کوچادھامن کشن گنج بہار کے دیگر حفاظ کی تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر ایک دعائیہ نشست کا انعقاد کیا گیا۔

حافظہ عائشہ ناز کی تلاوت سے محفل کا آغاز ہوا اور نعت نبی ﷺ گنگنانے کے بعد تأثرات کا سلسلہ شروع ہوا، چنانچہ مولانا نعمان اکرم صاحب ندوی (کھتاٹولی) نے تمام حفاظ، ان کے اساتذہ و اراکینِ مدرسہ کو مبارکبادی پیش کی، مولانا محمد مشفق صاحب ناظم محمود المدارس کشن گنج نے خوشی کا اظہار کیا اور حافظہ کو نقاب اور حفاظ کو قیمتی ہدیہ سے سرفراز فرمایا، وہیں پر مفتی محمد ازہد لطیف صاحب قاسمی استاذِ حدیث دارالعلوم الاسلامیہ امارت شرعیہ پٹنہ وبانی ومہتمم دارالتربیہ والتعلیم للبنات کوہ طور ہانڈی بھاسہ کوچادھامن کشن گنج بہار نے اپنے تأثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس حافظہ کے حفظِ قرآن پاک کے پیچھے کئی اہم شخصیات کی قربانی رہی ہے، اس کے والد کے عزم و حوصلہ، جہد مسلسل محنت وجفاکشی اور اسکی والدہ و دادی جان کی مسلسل تلاوت کا نتیجہ ہے کہ آج میرا دیرینہ خواب شرمندہ تعبیر ہوا آج ہی کے دن کو دیکھنے کے لیے میں نے اپنی بہنوں کا رشتہ کرنے میں حافظ و عالم کو ترجیح دی تھی اور میں اپنے اس فیصلے پر بہت خوش ہوں اور آج اس کا ثمرہ پاکر میرے آنکھوں سے خوشی کے آنسوں ٹپک رہے ہیں، مفتی محمد سلمان صاحب (بھنکردواری) نے کہا کہ: مجھے جونہی معلوم ہوا کہ قاری ثاقب انور صاحب کی آٹھ سال کی بچی نے قرآن پاک کو حفظ کرلیا ہے تو میرا دل خوشی سے باغ باغ ہوگیا اور دیگر ضروریات کو بالائے طاق رکھ کر میں نے اس پروگرام میں پہونچنا ضروی سمجھا

ان خبروں کو بھی پڑھیں

مفتی صلاح الدین صاحب( کھتاٹولی) نے بھی حفاظ اور ان کے اساتذہ کو ڈھیر ساری دعائیں دی، مفتی محمد دانش انور صاحب قاسمی نے اپنا تاثر پیش کرتے ہوئے کہا کہ: ان طلبہ و طالبات کے حافظ بننے کا سہرا سب سے پہلے ان حضرات کو جاتا ہے، جنہوں نے ہیرے جواہرات کو ڈھونڈ کر بورڈ سے ملحق اس مدرسہ میں بحال کیا، نہ جانے انہوں نے اپنے جال میں ان محنتی جفاکش قسم کے اساتذہ کو اپنی کوشش سے پھنسایا ہے یا ایسے اساتذہ خود ان کے جال میں پھنسے ہیں، ایسا لگتا ہے کہ پھر سے پرانا دور واپس ہورہا ہے اور ان بورڈ کے مدارس سے دوبارہ علم کا چشمہ ابلے گا. اس پروگرام کی نظامت کر رہے راقم الحروف بندہ عبدالباری قاسمی ترجمان وسکریٹری اصلاح معاشرہ جمعیۃ علماء کشن گنج بہار نے دورانِ نظامت یہ کہا کہ ان غیر اقامتی اور بورڈ کے مدرسہ میں 1961ء کے بعد آج پہلی بار تین چار سال کی قلیل مدت میں چھ حافظ جس میں دو سات آٹھ سال کی معصوم بچی کا حافظِ قرآن بن جانا کسی کرشمہ سے کم نہیں ہے یہ خواجہ عبدالجبار صاحب جیسے بزرگوں کی اس مدرسہ کے شروعاتی دور میں دعاؤں اور محنتوں کا نتیجہ شاید اب ظاہر ہورہا ہے یہ علاقہ میں چل رہے بورڈ کے سینکڑوں مدارس کے لیے آئڈیل اور نمونہ ہے اور ہونا بھی چاہیے، کیونکہ اب پرائیوٹ مدرسے حکومت کی آنکھوں کا کانٹا بنتا ہوا نظر آرہا ہے اور بہت مشکل معلوم ہورہا ہے اب انہیں بورڈ کے مدارس اور غیر اقامتی جز وقتی، کل وقتی مکاتب کے ذریعہ سے ہی دینی تعلیم کی شمع جلانا ہوگی اور آنے والی نسلوں کے دین و ایمان کی حفاظت کا کام کرنا ہوگا

اخیر میں مفتی محمد جسیم اختر صاحب قاسمی نے کہا کہ میں کافی دنوں سے قاری ثاقب انور صاحب کی محنت وجفاکشی کو سن رہا تھا آج میری آنکھوں نے اس مشاہدہ کرلیا، کئی بار میری خواہش ہوئی کہ میں بھی اپنے بچوں کو قاری ثاقب انور صاحب کے حوالے کروں، لیکن آمد و رفت کی کوئی آسان شکل نہ ہونے کی بنا پر میری خواہش دبی رہ گئی یہ منظر دیکھ کر میرا دل مچل رہا ہے کہ کاش یہاں ہاسٹل ہوتا یا پھر گاڑی کا انتظام اور اس کے اخراجات پوری کرنے کے لیے میرے پاس اسباب و وسائل ہوتے تو میں ضرور اپنے بچوں کو قاری صاحب کے حوالے کرتا خیر اللّٰه سے دعا ہے کہ اللّٰه پاک ان حفاظ کو ان کے اساتذہ اور ان اساتذہ کو یہاں مقرر کر نے والے ذمہ داران کو بہترین بدلہ عطا فرمائے آمین

الحمدللہ اس مختصر سے پروگرام میں سینکڑوں علماء کرام نے شرکت فرمائی اور اپنے اپنے تأثرات پیش کیے اور حفاظ،ان کے اساتذہ اور اراکینِ مدرسہ حزب المسلمین کو ڈھیر ساری دعاؤں سے نوازا، اور مفتی محمد جسیم اختر صاحب قاسمی کی رقت آمیز دعا پر محفل کا اختتام ہوا. پھر نماز جمعہ ادا کرنے کے بعد قاری ثاقب انور صاحب نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کی میزبانی کا شرف حاصل کیا. اللہ پاک قاری صاحب کو صحت و عافیت اور اعمال صالحہ کے ساتھ عمر طویل عطا فرمائے اور دونوں جہاں کی کامیابی نصیب کرے آمین۔

پرنسپل مدرسہ حزب المسلمین پوناس،سونتھا کوچادھامن کشن گنج بہار

ان خبروں کو بھی پڑھیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button