کانپور : جلوس محمدی کے تعلق سے قاضی شہر حافظ و قاری عبدالقدوس ہادی نے گائیڈ لائیں جاری کیں!
کانپور (شکیب الاسلام) قاضی شہر حافظ و قاری عبدالقدوس ہادی نے جلوس محمدی ؐ کے تعلق سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے بعض مہینوں کو بعض پر خصوصی درجہ عطا فرمایا ہے۔ انہیں با برکت مہینوں میں ربیع الاول کا مہینہ بھی ہے جس میں فخر موجودات سردار کائنات، محبوب رب العالمین، رحمۃ للعالمین، احمد مجتبیٰ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت ہوئی آپ کی ولادت سے منسوب شہر کانپور میں ۰۱۱ سالہ جلو س محمدی اپنی آب و تاب اور شان و شوکت سے ہر سال اپنی سابقہ روایات کے ساتھ پریڈ گراؤنڈ سے نکلتا ہے۔
جس میں کانپور و اطراف کانپور کے ہر مکاتب فکر کے لوگ شامل ہو کر اپنے ملی اتحاد کا ثبوت دیتے رہے ہیں۔ یقینا یہ جلوس اہل کانپور کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اس جلوس کے تقدس کو باقی رکھنا اور انتہائی وقارو سنجیدگی کے ساتھ اٹھانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے۔ ہم ہر ایسے کام سے مکمل طور پر پرہیز کرنے کی کوشش کریں جس سے اس بابرکت عظمت والے جلوس کی شان میں کوئی حرف آئے اور رحمۃ للعالمین کی تعلیمات کے خلاف ہو۔ قاضی شہر نے کہاکہ جلوس میں آداب جلوس کا خیال رکھتے ہوئے صاف شفاف لباس پہن کر شرکت کریں،خوشبو کا استعمال کریں،
جلوس میں حمد، درود شریف،نعت و مدح صحابہ ؓ پڑھتے ہوئے چلیں، ذمہ داران جلوس کی جانب جو ٹوکن دستیاب ہو اسی ترتیب سے جلوس میں شامل ہوں،درمیان میں داخل ہونے کی کوشش قطعی نہ کریں اس سے بدنظمی پیدا ہوتی ہے، جو انجمنیں یا علاقائی باشندے لنگر کی تقسیم کرتی ہیں ان سے گزارش ہے کہ وہ اپنے کیمپ سڑک پر خصوصاً تنگ راستوں میں سڑک چھوڑ کر لگائیں تاکہ جلوس میں شامل لوگ با آسانی گزر سکیں اورکھانے پینے کی اشیاء پھینک کر نہ دیں اس سے کھانے کا ضیاع ہوتا ہے رزق کی بے حرمتی ہوتی ہے، مائیک، لاؤڈ اسپیکر نارمل بجائیں، نیز لوڈروں میں بیٹھ کر غیر سنجیدہ نعروں، ہلڑ سے بچیں جو کسی طرح بھی ہمارے لئے درست نہیں۔
اسی طرح لوڈروں پر ڈی جے ساؤنڈ کا استعمال بالکل نا کریں، انھوں نے جلوس میں شامل ہونے والی انجمنوں اور شرکاء جلوس سے اپیل کی کہ وہ اس بات کا مکمل خیال رکھیں کہ ایسے کاموں سے پرہیز کریں جس سے غلط پیغام جاتا ہو، برادران وطن کے علاقوں سے گزرتے ہوئے زیاہ شور و شغب نہ کریں،اگر برادران وطن کی جانب سے کچھ غلط اور خلاف آئین کلمات کانوں میں سنائی دیں تو حتی الامکان جواب دینے سے ہرہیز کریں جس سے ہمارے معاشرہ اور ہمارے شہر کا امن و امان برباد نہ ہو،
اگر خدا نخواستہ جلوس میں کوئی مسئلہ یا حادثہ پیش آ جائے تو علاقائی ذمہ اران و ضلع انتظامیہ سے رابطہ کریں قانون اپنے ہاتھ میں ہرگز نہ لیں۔ہم امید کرتے ہیں کہ جلوس کے شرکاء و انجمیں اس کا خیال رکھیں گی اور جلوس کو پر امن و عظمت و وقار سے اٹھائیں گی اور اس میں ایک دوسرے کی مدد بھی کریں گی۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اس کا بہترین اجر عطا فرمائے گا۔ ان شاء اللہ