چھوٹی چھوٹی باتیں………..خوشیاں بڑی بڑی ✍🏻 خان انعم محمد نثار،ممبرا
امی کے بغیر بولے کوئی کام کرنے پر ان کا خوشی سے ‘بڑی سمجھدار ہو گئی ہو’ کہنا؛ مہمانوں کے آنے پر امی کا آپ کی تعریف میں ‘بڑی سیانی ہے میری بچی’ کہہ کر آپ کی پیٹھ تھپتھپانا؛ جب کوئی آپ سے کہے ‘بالکل اپنی اماں کی پرچھائی ہو’؛ جب دنیا کے مختلف ممالک کے نقشے کی مانند دکھنے والی روٹیاں جن پر بمباری کے جیسے نشانات عیاں ہو، کھا کر بھی ابا کا ‘ویل ٹرائڈ’ کہنا؛ جب عید کے چاند کی مانند میٹھے بول بولنے والا آپ کا بھائی ‘آج اچھی لگ رہی ہے’ کہہ دے؛ جب آپ اسکول میں پورا وقت کسی پکوان کی یاد میں کھوئے رہے اور گھر آنے پر وہ سامنے ہو؛ جب ٹیچر پوری کلاس کے سامنے آپ کی تعریف کر دے؛ جب آپ کی چھوٹی سی مدد سے کسی کو سکون آ جائے؛ جب بے حد بھیڑ والے علاقے میں آپ کو پارکنگ مل جائے؛ جب کھڑکی کھولنے پر سہانا موسم آپ کا خیر مقدم کرے؛ جب جیب میں ہاتھ ڈالنے پر کچھ پیسے مل جائے؛ جب کوئی ننھی سی جان اپنے پورے ہاتھ سے آپ کی ایک انگلی پکڑ لے؛ اور جب دن بھر کی تھکن سے چور ہو کر بیٹھنے پر کوئی کہہ دے ‘ہمارے لیے اتنی محنت کرنے کا بہت شکریہ’؛
ایسے موقعوں پر ہمارے دل میں ایک عجب سا احساس آتا ہے، ایک احساس جو کچھ سیکینڈ کے لیے محسوس ہوتا ہے۔ یہ احساس دل میں تسلی و سکون اور چہرے پر مسکراہٹ چھوڑ جاتا ہے۔ یہی ہوتی ہے "چھوٹی چھوٹی خوشیاں”
یہ چھوٹی چھوٹی خوشیاں ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں بآسانی میسر ہیں، بس ہمیں غور کرنے کی دیر ہے۔ کچھ سیکینڈ آنکھیں بند کر کے سوچے آپ کے اطراف میں خوش رہنے کے کتنے مواقع موجود ہے۔ جب ہم ان چھوٹی چھوٹی باتوں کو محسوس کرتے تو ہمیں اندازہ ہوتا کہ ہم کتنے خوش نصیب ہے۔ یہ خوشیاں آپ کی دن بھر کی تھکن و تکالیف کو بھلانے یا کم کرنے میں انتہائی مدد گار ہے۔
جب ہم ان چھوٹی چھوٹی خوشیوں پر غور کرنے لگتے تو ہم خود بھی کسی کی ننھی مسکان کا سبب بنتے ہیں، اور اس طرح تعلقات میں قربت آتی ہے۔ کسی کی چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھنا اس بات کو بھی ظاہر کرتا کہ وہ شخص آپ کے لیے کتنا اہمیت رکھتا ہے۔
پس، کہنے کی بات بس اتنی سی ہے کہ ‘زندگی میں خوش ہونے کے لئے بڑے موقعوں کے انتظار میں نہ رہے، بلکہ ان ہلکی پھلکی خوشیوں کو تلاش کریں؛ زندگی آسان اور خوبصورت بن جائے گی۔’ کیونکہ”چھوٹی چھوٹی باتیں…خوشیاں بڑی بڑی!”