دہلی

ملکارجن کھرگے کانگریس کے نئے صدر منتخب ، 24 سال بعد 137 سال پرانی پارٹی کے پہلے غیر گاندھی سربراہ

نئی دہلی : کانگریس کے سینئر لیڈر ملکارجن کھرگے کو پارٹی کا نیا قومی صدر منتخب کیا گیا ہے۔ تقریباً 24 سال بعد گاندھی خاندان سے باہر کے کسی لیڈر کو ملک کی سب سے قدیم پارٹی کا صدر منتخب کیا گیا۔

اس سے پہلے سیتارام کیسری غیر گاندھی صدر رہ چکے ہیں۔ کانگریس صدر کے عہدے کے لیے 17 اکتوبر کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ اس بار مقابلہ سینئر پارٹی لیڈر ملکارجن کھرگے اور ششی تھرور کے درمیان تھا۔ جن میں سے ملکارجن کھرگے ششی تھرور کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔

ملکارجن کھرگے کو 7,897 ووٹ جبکہ ششی تھرور کو 1,072 ووٹ ملے۔

کانگریس کے تقریباً 9900 مندوبین پارٹی سربراہ کے انتخاب کے لیے ووٹ دینے کے اہل تھے۔ کانگریس ہیڈکوارٹر سمیت تقریباً 68 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ ہوئی۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور کئی دیگر سینئر لیڈروں سمیت تقریباً 9500 مندوبین نے پیر کو پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ دیا۔

کانگریس پارٹی کی 137 سالہ تاریخ میں چھٹی بار صدر کے عہدے کے لیے انتخابات ہوئے ہیں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش کے مطابق صدر کے عہدے کے لیے 1939، 1950، 1977، 1997 اور 2000 میں انتخابات ہو چکے ہیں۔ اس بار 22 سال بعد صدر کے عہدے کا انتخاب ہوا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button