اہم خبریںدربھنگہ

کئی دنوں سے جاری موسلا دھار بارش کے سبب عام زندگی متاثر

شکر پورکے کئی گھروں میں پانی داخل، ڈگہر ٹولہ کی سڑک ہوئی جان لیوا

دربھنگہ (محمد رفیع ساگر ٪قومی ترجمان بیورو) گذشتہ 15 دنوں سے جاری ہلکی اور موسلادھار بارش کے سبب عوامی زندگی متاثر ہوکر رہ گئی ہے۔کئی پنچایوں کے نشیبی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال ہوگئی ہے جبکہ کئی گھروں میں پانی داخل رہنے سے لوگوں کا جینا دشوار ہوگیا ہے۔ گاوں کی زیادہ تر سڑکیں بدحال ہوچکی ہیں۔جگہ جگہ پانی بھرنے اور کیچڑ سے سڑک پر آمدورفت کافی مشکل ہوگیا ہے۔

سنگھواڑہ بلاک حلقہ میں بارش کے متاثرین کو راحت پہنچانے کی جدوجہد نہیں کی گئی ہے۔آج بھی تھوڑی سی بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہوجاتا ہے اور نالے اُبل پڑتے ہیں۔ بارش کے پانی کی نکاسی کا معقول انتظام نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو کافی دشواریوں سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔کئی لوگ اپنے مکانات چھوڑکر محفوظ علاقوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہیں۔کچھ لوگ اپنے گھروں کو اس قدر اونچا بنالیئے ہیں کہ ان کے گھروں میں بارش کا پانی داخل نہیں ہوتا ہے لیکن جو غریب افراد ہیں وہ گھروں کو اونچا کرنے کی مالی صلاحیت نہیں رکھتے۔ بھرواڑہ خان محلہ اور شکرپور کے ڈگہر ٹولہ کی سڑکیں جان لیوا بنی ہوئی ہیں۔کئی گھروں میں پانی داخل ہوجانے سے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں۔یہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ جب بھی بارش ہوتی ہے تب لوگ گھبراجاتے ہیں کیونکہ ان کے گھروں میں گندا پانی داخل ہوجاتا ہے ۔اور چھوٹے معصوم بچوں کو کرسیوں پر بیٹھا دینا پڑتا ہے کیونکہ کئی مرتبہ بارش کے پانی کے ذریعہ سانپ اور زہریلے کیڑے گھروں میں داخل ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

مکانات میں رکھے ہوئے گھریلو ساز و سامان تباہ و برباد ہوجاتے ہیں۔بھڑواڑہ سے راجو ،رام پٹی،جانے والی سڑک پر شکر پور کے ڈگہر ٹولہ میں سڑک کی حالت نہایت خستہ ہے سڑکوں پر 2فٹ پانی ہمیشہ جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے آنے جانے والے راہگیروں کو کافی دشواری ہوتی ہے سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے کئی بار حادثات بھی پیش آئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ نماز کے اوقات میں مسجد جانے والے نمازیوں کو گندے پانی میں سے گذرنا پڑتا ہے ۔بعض لوگ گھر سے باوضو نکلتے ہیں لیکن مسجد پہنچنے تک وضو ختم ہوجاتا ہے۔ یہاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس مسئلہ کے حل کے لئے مقامی لیڈروں سے کئی مرتبہ فریاد کی گئی ہے ۔یہاں کی عوام نے مقامی لیڈروں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے پانی کے اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کروائیں تا کہ غریب لوگوں درپیش مشکلات سے بچا جاسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button