مورخہ 7، فروری 2022بروز سموار کو مدرسہ مفید الاسلام، ملت نگر کوڑو ، لوہردگاکے ایک ہونہار طالب علم عزیزم حافظ جاوید سلمہ بن جناب عبد القیوم مقام کربلا ٹولی مکاندو نے اپنے استاذ حضرت مولانا وقاری یونس المظاہری ومدرسہ کے دیگر اساتذہ کے سامنے ایک ہی نشست میں مکمل قرآن سنا کر ایک ریکارڈ قائم کیا۔
مدرسہ مفید الاسلام کی یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے کہ مدرسہ نے ایسا ہونہار حافظ بنایا ہے۔ نہ صرف حافظ جاوید بلکہ مزید آٹھ دس حفاظ مدرسہ ہذا رمضان المبارک سے پہلے ایک نشست میں مکمل قرآن سنانے کی تیاری میں ہیں۔ اس طرح کے حفاظ تیار کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے اس کے لیے ایک سعی مسلسل کی ضرورت پڑتی ہے جسے مدرسہ کے اساتذہ نے کر دکھایا ہے۔
بالخصوص مدرسہ کے ناظم حضرت مولانا حسین احمد قاسمی کہ حضرت والا نے مدرسہ ہذا کے مدرسین کو تنخواہوں کی فکر سے آزاد کر رکھا ہے یہی سبب ہے کہ مدرسہ ہذا کے اساتذہ یکسوئی کے ساتھ اپنا قیمتی وقت صرف تعلیم وتعلم میں صرف کرتے ہیں جس کا خاطر خواہ فائدہ علاقہ کو ہوگا کہ قابل حفاظ کرام علاقہ کی خدمت کریں گے۔
آج کایہ دور تعلیمی انحطاط کا دور ہے جسکی کئی وجوہات ہیں جن میں ایک طلبہ کے درمیان تعلیمی تقابل کے جذبہ کا فقدان بھی ہے۔ مدرسہ اسلامیہ کے اساتذہ کرام اس کا مشاہدہ بھی کر رہے ہیں اور ان کمیوں کو دور کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ ابھی مدرسے میں غور کیا گیا کہ جب مدرسہ میں طلبہ کے درمیان یہ اعلان کیا گیا کہ عزیزم حافظ جاوید ایک نشست میں مکمل قرآن سنائے گا تو طلبہ کے درمیان تقابلی جذبہ ایک دم سے پروان چڑھ گیا اور سبھی حفاظ طلبہ نے محنت کے معیار کو بلند لیا جو کہ ایک خوش آئند قدم ہے۔
بہرحال اس قرآنی و نورانی نشست میں پانچ حفاظ کرام تین اساتذہ کرام اور علاقہ کے معزز حضرات موجود تھے بالخصوص مدرسہ کے اساتذہ حضرت مولانا ضیاء اللہ مظاہری و حضرت مولانا عبد الحسیب قاسمی وغیرہ۔ سبھی نے حافظ جاوید کو مبارک بادی پیش کی اور تابناک مستقبل کی دعا دی۔