مالونی عمارت سانحہ : جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی جانب سےمتاثرین میں راشن کٹس کی تقسیم
ممبئی 21؍جون (قومی ترجمان) گزشتہ ہفتے ممبئی میں ہونے والی طوفانی بارش کے سبب نیوکلکٹر کمپائونڈمالونی ملاڈ ویسٹ،ممبئی میں پیش آئے عمارت حادثہ متاثرین کے 53؍کنبوں کے درمیان جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سےراشن کٹس تقسیم کی گئی۔
جمعیۃعلماء کی جانب سے تقسیم کی جانے والی راشن کٹس میں چاول،آٹا،دال،تیل،شکر،نمک،چائے پتی اور مسالہ جات تھے،جو مسجد اقصی پلاٹ نمبر63پٹہ روڈ گیٹ نمبر 7مالونی ملاڈ، ممبئی جمعیۃ علماء کے ذمہ داروں کی موجودگی میں تقسیم کیا گیا۔
متاثرین میں ہندو،مسلم ،کرسچن مذہب سے تعلق رکھنے والے53؍گھرانوں کے لوگ تھے جن کو جمعیۃ علماء کی جانب سےراشن کٹس دی گئی۔
واضح رہے کہ حادثہ کی خبر ملتے ہی جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری کی قیادت میں متاثرین سے ملاقات کر کے ان کو تسلی دی اور عمارت سےمتصلہ مکانات میونسپل عملہ کی جانب سے خالی کرائے جانے پر مکینوں کے تین دن تک تیار کھانا دیا گیا ، اس دوران وفد نےپھرجائے حادثہ کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی ،اورحسب اعلان کہ ضرورت پڑنے پر ان کے درمیان راشن کٹس فراہم کی جائے گی ۔گزشتہ کل جمعیۃ نے وعدہ وفا کیا ۔الحمد للہ
تقسیم کے اس موقع پر مولانا محمد اسلم القاسمی صدر جمعیۃ شمال مغربی زون ممبئی، قاری اکرام اللہ ، مولانا ظہیر قاسمی ، مولانا وسیم قاسمی، مولانا نذیر الاسلام مظاہری، مولانا نورالھدی قاسمی، قاری محفوظ الرحمن، حافظ ضیاءاللہ، قاری مجیب الرحمن، حافظ امتیاز احمد، ڈاکٹر اسرار احمد شکیل، حافظ سعید احمد، جناب شمشاد احمد، جناب عبدالمنان، جناب چنکا بھائی، جناب تسلیم ،جناب سبکتگین، جناب حکیم اللہ وغیرہ موجود تھے۔