دربھنگہ

ریاست میں نوتشکیل نگر پنچایت کے بعد ضلع پریشد کی امیدواری کے لئے تذبذب : نظیر احمد انصاری

دعویداروں میں زیادہ تر امیدواروں کا تعلق نگر پنچایت سے،
الیکشن کمیشن سے جلد موقف واضح کرنے کی مانگ

دربھنگہ۔محمد رفیع ساگر / قومی ترجمان بیورو
ریاست میں اگلے مہینے کی 24 تاریخ سے اِس سال 12 دسمبر تک 11 مرحلوں میں سہ سطحی پنچایتی راج اداروں کے انتخابات یقینی بنانے کے لئے گذشتہ دنوں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں ہوئی ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لینے کے بعد پنچایت انتخابات کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔سب سے زیادہ ضلع پریشد عہدہ کے لئے پنچایتوں میں طرح طرح کے سیاسی بازار سجائے جارہے ہیں۔جے ڈی یو بنکر سیل کے ضلع صدر نظیر احمد انصاری نے ریاستی حکومت کے پنچایت انتخابات کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ضلع پریشد کے عہدہ کے امیدواروں کے لئے واضح نوٹیفیکشن جاری کرنے کی مانگ کی ہے۔انہوں نے سوال کیا ہے کہ ریاست میں نوتشکیل نگر پنچایت کے زیادہ تر لوگ پنچایتوں سے ضلع پریشد کے عہدہ کے دعویدار ہیں لیکن کوئی واضح گائیڈ لائین نہیں ہونے کے سبب الجھنیں برقرار ہیں۔مسٹر نظیر انصاری نے کہا کہ کیا نگر پنچایت کے حدود میں رہنے والے پنچایتوں کے انتخابات کے عہدہ کے لئے اہل ہوں گے۔اگر ایسا نہیں ہے تو پھر اس پر الیکشن کمیشن اب تک خاموش کیوں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پر تذبذب برقرار ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر الگ الگ پنچایت یونٹ ہے تو دونوں کے الیکشن الگ الگ ہی ہونی چاہئے ۔غور طلب ہو کہ گرام پنچایتوں، پنچایت سمیتیوں اور ضلع پریشدوں کو اِس سال 15 جون کو تشکیل دیا گیا تھا لیکن کوویڈ وبا کی وجہ سے انتخابات نہیں ہوسکے تھے۔ ریاستی چناؤ کمیشن مکھیا، سرپنچ، ضلع پریشد ممبروں، پنچایت سمیتی ممبروں اور وارڈ ممبروں کے انتخابات کے لئے اس مہینے کی 24 تاریخ کو نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

ستمبر کی 24 اور 29 اور اکتوبر کی 8، 20 اور 24 تاریخ کو انتخابات ہوں گے۔ اِس کے علاوہ نومبر کی 3، 15، 24 اور 29 اور دسمبر کی 8 اور 12 تاریخ کو چناؤ ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button