دربھنگہ (محمد رفیع ساگر /قومی ترجمان بیورو) کمتول ریلوے اسٹیشن روڈ کے رہائشی آنجہانی کرشنا کمار گپتا عرف مہاسیٹھ کی بہو اور آشیش کمار گپتا کی اہلیہ راکھی دیوی (22) کی لاش کمتول پولیس نے اس کے کمرے سے برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کے لئے ڈی ایم سی ایچ بھیج دیا ہے۔پولیس نے یہ کارروائی مقتولہ کے والد تھانہ حلقہ کے سرہولی باشندہ بیدھناتھ ساہ کے لڑکے شنکر ساہ کی شکایت پر کی تھی ۔پولیس کی کارروائی سے قبل مقتولہ کے سسرال والے گھر چھوڑ کر فرار ہوچکے تھے۔
پولیس نے اس ضمن میں مقتولہ کے والد شنکر ساہ کی تحریر پر ایف آئی آر درج کرلی ہے جس میں سسرال والوں پر جہیز کے لئے مار پیٹ اور گلا دبا کر اتوار کی رات میں قتل کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مقتولہ 2 ماہ کی حاملہ بھی تھی۔ تحریری درخواست میں شنکر ساہ نے کہا ہے کہ اس کی بیٹی راکھی کی شادی آشیش کے ساتھ 26 جنوری 2020 کو ہوئی تھی۔جس سے ایک بیٹی بھی پیدا ہوئی تھی ، شادی کے بعد سے ہی مقتولہ کو داماد اور ان کے کنبہ کے افراد نے مختلف مطالبات کرکے ہراساں کیا تھا۔
فوٹو…… راکھی دیوی (22) کی لاش
اور ادھر فور وہیلر خریدنے کے لئے میکے سے 4 لاکھ روپے نقد رقم منگوانے کے لئے دباؤ ڈال کر جسمانی اور ذہنی اذیتیں دی جارہی تھیں ، گذشتہ رات بھی جہیز کے لالچیوں نے چار لاکھ روپے حاصل کرنے کے لئے راکھی پر دباؤ ڈالا۔جب اس نے انکار کر دیا تو اس کے ساتھ مارپیٹ کی گئی اور گلا دبا کر قتل کر دیا گیا ۔ملزمان میں مقتولہ کے شوہر آشیش کمار سمیت دیور امیت کمار گپتا ، دیورانی سدھا دیوی ، شادی شدہ نند رنکی دیوی ، گنجا دیوی اور رنجیت دیوی شامل ہیں۔ کمتول ایس ایچ او سرور عالم نے بتایا کہ ملزمین کی گرفتاری کے لئے ممکنہ مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔