پٹنہ : وزیر اعلی نتیش کمار آج وزیر اعلی سیکریٹریٹ واقع سنواد میں ذات پر مبنی مردم شماری پر ہوئی کل جماعتی میٹنگ میں شامل ہوئے ۔میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ جناب تارکشور پرساد ، اپوزیشن لیڈر جناب تیجسوی پرساد یادو ، سابق وزیر اعلی ولیڈر ہم ممبران اسمبلی جناب جیتن رام مانجھی ، بی جے پی کے ریاستی صدر جناب سنجے جیسوال ، آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج کمارجھا ، کانگریس ممبران اسمبلی کے لیڈر جناب اجیت شرما ، بجلی کے وزیر جناب بجندر پرساد یادو ، پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری ، دیہی ترقیات کے وزیر جناب شرون کمار ، اے آئی ایم آئی ایم کے ممبر اسمبلی کے لیڈر جناب اختر الایمان، سی پی آئی ایم ایل کے ممبران اسمبلی کے لیڈر جناب محبوب عالم سی پی آئی ( ایم ) کے ریاستی سیکریٹری جناب للن چودھیر سی پی آئی ( ایم ) ممبران اسمبلی کے لیڈر جناب اجے کمار سی پی آئی کے ریاستی وزیر جناب رام نریش پانڈے سی پی آئی ممبران اسمبلی کے لیڈر جنار رام رتن سنگھ موجودر ہے۔
میٹنگ میں تمام پارٹیوں کے لیڈران نے باہم اتفاق رائے سے ذات پر مبنی مردم شمار کرائے جانے کے حق میں اپنی اپنی رائے اور مشورے دیے ۔
تمام پارٹیوں کے لیڈران نے ذات پر مبنی مردم شماری کرائے جانے کے تعلق سے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ۔ کل جماعتی میٹنگ کے بعد تمام پارٹیوں کے لیڈران کی موجودگی میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ابھی ذات پر مبنی مردم شماری پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے کل جماعتی میٹنگ ہوئی ہے ۔ آج اتفاق رائے سے فیصلہ ہوا ہے کہ بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کی جائے گی ۔ تمام لوگوں کے بارے میں پوری معلومات لی جائے گی اور اس کے لیے بڑے پیمانے پر اور تیزی سے کام کیا جائے گا ۔
ریاستی حکومت کی جانب سے اس میں مدد دی جائے گی ۔ مردم شماری میں لگائے جانے والے لوگوں کی ٹریننگ کرائی جائے گی ۔ آج جو باتیں ہوئی ہیں اس کی بنیاد پر بہت جلد کابینہ کا فیصلہ ہوگا ۔ اس کے لیے رقم کا انتظام کیا جائے گا ۔ کابینہ کے ذریعہ یہ سب کام بہت جلد کر دیا جائے گا ۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کی جائے گی اس کے بارے میں اشتہار بھی شائع کیا جائے گا تا کہ ایک ایک چیز کو لوگ جان سکیں ۔ اسمبلی کی تمام پارٹیوں کی موجودگی میں اتفاق رائے سے اس پر آج فیصلہ ہوا ہے ۔ کام شروع ہو گا تو لوگوں کو اس کی جانکاری دے دی جائے گی تا کہ تمام لوگوں کو یہ معلوم رہے کہ ایک ایک کام کیا جارہا ہے ۔ اخبارات اور میڈیا میں بھی اس بات کی تشہیر کی جائے گی تا کہ تمام لوگ اس کے بارے میں جان سکیں ۔
کابینہ کے توسط سے بھی ہم لوگ طے کر دیں گے کہ مکمل کام ایک متعینہ مدت کے اندر ہو ۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ کہا گیا کہ ذات پر مبنی مردم شماری قومی سطح پر نہیں ہوگی ، اسے ریاستی سطح پر ہی کر نا ہوگا تو ہم لوگوں نے کل جماعتی میٹنگ بلا کر اس پر تبادلہ خیال کر نے کا فیصلہ کیا ضمنی انتخاب ، مقامی اداروں کا انتخاب وغیرہ آجانے سے کل جماعتی میٹنگ کرنے میں تھوڑ اوقت لگ گیا۔