بہار مدرسہ بورڈ : مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے نئے نوٹیفکیشن سمیت دیگر اہم مسائل پر وزیر اعلی بہار سے امیر شریعت کی ملاقات
پٹنہ : امیرشریعت بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کے ساتھ امارت شرعیہ کے ایک موقر وفد نے مورخہ 14 جون 2022 کو وزیر اعلی بہار جناب نتیش کمار صاحب سے ان کی رہائش گاہ ایک آنے مارگ پٹنہ میں شام ساڑھے چار بجے ملاقات کی۔وفد میں نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی، قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی اور مولانا محمد فاروق رحمانی شریک تھے۔
نئے امیر شریعت نے معزز وزیر اعلی کے سامنے تفصیلات کے ساتھ مسلمانوں کے مسائل بالخصوص بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ پٹنہ کے تعلق سے حکومت کے حالیہ تینوں نوٹیفکیشن /395 /396 اور 397/ کے سلسلہ میں اہم نکات کو سامنے رکھا۔آپ نے با الترتیب تمام قابل اعتراض شقوں کوتحریری طور پر وزیر اعلی کو پیش کیا اور ان کے بارے میں گفتگوکی اور اسکے نقصانات سے انہیں آگاہ کرتے ہوئے نظر ثانی کا مطالبہ کیا ۔
محترم وزیر اعلی نے غور سے ان سبھی باتوں کو سنا اور اس کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے اسی وقت اپنے پرسنل سکریٹری کو بلا کر ضروری ہدایات دیں۔متعلقہ میمورنڈم کا جائزہ لے کر ان سے متعلق عہدیداران و افسران کے ساتھ میٹنگ کی ہدایت بھی دی گئی ۔
انہوں نے حضرت امیر شریعت سے وعدہ کیا کہ وہ ان سبھی امور پر متعلقہ شعبہ کے ذمہ داروں سے بات کریں گے اور اس نوٹیفکیشن کا دوبارہ جائزہ لے کر قابل اعتراض امور کو ہٹانے کے سلسلہ میں ضروری اقدامات کریں گے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ مدارس کا معیار بلند ہو اور ان میں بہتر سے بہتر تعلیم ہو ۔
سے حضرت امیر شریعت نے وزیر اعلی بہار سے اقلیتوں متعلق دیگر اہم معاملات پر بھی بات کی آپ نے کہا کہ بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ , بہار اردو اکیڈمی , مائنورٹی کمیشن جیسے اہم اقلیتی اداروں میں چیئرمین کی تقرری نہیں ہوئی ہے ۔ ان کے علاوہ بھی کئی اہم عہدے خالی پڑے ہیں جس کی وجہ سے یہ ادارے تعطل کا شکار ہیں ۔ ان اداروں کی خالی جگہوں پر جلد تقرری کر کے ان کو دوبارہ فعال بنایا جائے ۔
یہ بھی پڑھ سکتے ہیں :🔅 بہار مدرسہ بورڈ : مدارس میں بحالی کے لیے ویب پورٹل سے بنائی جائے گی سلیکشن لسٹ ، TET-STET کے اہل امیدواروں کو دی جائے گی ترجیح، سبھی اضلاع کے لیے محکمہ تعلیم تیار کر رہی ہے پورٹل (قسط-4)
🔅 بہار مدرسہ بورڈ : 70 سال سے زیادہ عمر والے نہیں بن سکیں گے مدرسہ بورڈ کے چیئرمین قسط-3
🔅 41 سال بعد بنا بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کا دستور العمل قسط-2
🔅یہ بھی پڑھیں : بہار مدرسہ بورڈکے نئے اصول وضوابط۔2022 ، میرا مطالعہ
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی نظر ان سب مسائل پر ہے اور وہ جلد ہی اس پر مناسب اقدام کریں گے ۔ امارت شرعیہ کے وفد کی وزیر اعلی بہار سے یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اقلیتوں سے متعلق بہت سے ضروری اور اہم مسائل پر گفتگو ہوئی ۔ امید ہے کہ یہ ملاقات نتیجہ خیز اور امید افزائ ثابت ہو گی ۔ واضح رہے کہ اس اہم ملاقات میں وزیر اعلی کے ہمراہ جدیو کے سینئر لیڈر اور جدیو پارلیمانی بورڈ کے صدر جناب اپیندر کشواہا صاحب بھی موجود تھے ۔