اہم خبریںتعلیم و روزگارمضامین

افسانوی مجموعہ "پاگل پن” مصنف:حسین قریشی

اردو کے نثری ادب میں افسانوی ادب کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ داستان، ناول، ڈراما، افسانہ یہ سب کہانیوں کی صورتیں ہیں۔ وقت کی کمی اور مصروفیات کی وجہ سے آج کا قاری داستان پڑھتے ہوئے اکتاہٹ کا شکار ہوتا ہے۔ قاری کی عدم دلچسپی کے باعث ضخیم ناول لکھنا بھی کم ہو گئے ہیں۔


افسانہ/افسانچہ ہی ایک ایسی صنف رہ گئی ہے جسے قارئین شوق سے پڑھتے ہیں۔ ان کے ذوق کو دیکھتے ہوئے بہت سے تخلیق کار بھی اس صنف کی جانب توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں جن میں نئے ادبا بھی شامل ہیں۔ نئے لکھاریوں میں بھارت سے تعلق رکھنے والے نوجوان افسانہ نویس حسین قریشی کا نام کافی اہمیت کا حامل ہے۔ ان کا حال ہی میں افسانوں اور افسانچوں پر مشتمل مجموعہ بعنوانِ ’’پاگل پن‘‘ شائع ہو کر داد و تحسین وصول کر رہا ہے۔


128 صفحات پر مبنی اس مجموعے میں 14 افسانے اور 46 افسانچے شامل ہیں۔جسے ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس دہلی نے 2021ء میں شائع کیا۔ محمد اسلم پرویز کے ڈیزائن کردہ خوب صورت سرورق اور بہترین بائنڈنگ پر مشتمل اس کتاب کی قیمت 160 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے۔
حسین قریشی سے میری شناسائی ایک سال قبل کی ہے۔ وہ ایک منفرد سوچ رکھنے والے ادیب ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ اچھوتے موضوعات پر لکھا ہے۔ انہوں نے اپنی اولین کاوش ’’پاگل پن‘‘ کو کتابی صورت میں پیش کر کے اپنی سوچ و فکر کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ اردو دان طبقہ پر احسان کیا۔

پاگل پن (افسانے و افسانچے) مصنف : حسین قریشی


حسین قریشی نے اپنی سوچ اور خیال کی طرح اپنے افسانوں اور افسانچوں کے موضوعات بھی منفرد رکھے ہیں۔ عنوان دیکھ کر قاری کا دل اس تخلیق کے پڑھنے کے لیے مچلنے لگتا ہے۔ چند عنوانات ملاحظہ ہوں:
کورٹ میرج، فیشن پرستی، کلین چٹ، نکاح ثانی، پاگل پن، دل کش سہولتیں، جھوٹی تعریف، سیلف ڈسیژن، پرفیکٹ، کچرا گاڑی،ستیہ گرہ، آخرت کی کامیابی ، چیک پوسٹ،مشین، کھلا جھوٹ وغیرہ۔


حسین قریشی نے ان افسانوں اور افسانچوں میں سادہ اور سلیس انداز میں صرف کہانی کو پیش نہیں کیا ہے بلکہ انہوں نے معاشرے کی اچھائی اور بہتری میں اپنا کردار بھی پیش کیا ہے۔انہوں نے نئی نسل کے لیے ترغیبی انداز اپنا کر انہیں نیکی اور بھلائی کا سبق دیا ہے۔ مختصراً یہ کہ حسین قریشی نے "پاگل پن” کی صورت میں اپنے حصے کی شمع جلا کر معاشرے کی اصلاح میں اپنا کردار بخوبی ادا کیا ہے۔ کتاب کے لئے مصنف کو 9850155656 اس نمبر پر واٹساپ کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button