سکنڈری اسکولوں میں اردو اساتذہ کی بحالی کے مسئلے پر پٹنہ ہائی کورٹ کا ریاستی حکومت کو تین ماہ کے اندر فیصلہ لینے کا حکم
پٹنہ (قومی ترجمان ڈاٹ کام) ریاست کے سکنڈری و ہائیر سکنڈری اسکولوں میں اردو اساتذہ کی بحالی کے مسئلے پر پٹنہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو تین ماہ کے اندر مناسب فیصلہ لینے کا حکم دیا ہے۔چیف جسٹس سنجئے کرول و جسٹس ایس کمار کی بنچ نے بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کی جانب سے داخل عرضی پر سماعت کرتے ہوئے یہ فیصلہ دیا ہے۔
بسوتا کی جانب سے داخل عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سنایا فیصلہ
……………………………………..
ایسوسی ایشن نے عدالت کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے سکنڈری و ہائیر سکنڈری اسکولوں میں اساتذہ بحالی کے نئے ضابطے میں اردو کو حاشئے پر کر دیا ہے۔ایسوسی ایشن نے محکمہ تعلیم کے نوٹیفکیشن نمبر 799 مورخہ 15 مئی 2019 کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت سے کہا کہ اس میں اردو کے لئے الگ عہدہ نہیں دیا گیا ہے،جبکہ اردو بہار کی ثانوی زبان ہے اور یہاں اردو آبادی کی بڑی تعداد ہے۔
کورٹ نے عرضی پر سماعت کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کو اپنا مطالبہ سرکار کے پاس رکھنے اور سرکار کو تین ماہ کے اندر اس پر مناسب فیصلہ لینے کا حکم دیا ہے۔ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری محمد شفیق نے کہا کہ وہ بہت جلد عدالت کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے حکومت کے سامنے اپنا مطالبہ پیش کریں گے۔انہیں حکومت و عدالت پر بھروسہ ہے کہ وہ ان کے حق میں فیصلہ لیں گے۔