بہار میں لاک ڈاؤن ختم، اسکول و کالج رہیں گے بند
50 فیصد حاضری کے ساتھ سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے
پٹنہ: بہار میں کورونا انفیکشن کے معاملے میں مسلسل کمی کے پیش نظر ریاستی حکومت نے لاک ڈاؤن ختم کرتے ہوئے صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک بازار کھلنے کی اجازت دی ہے جبکہ شام 6 بجے سے صبح 7بجے تک نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست میں منگل کے روز لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ ختم ہونے کے بعد کرائسس مینجمنٹ کے اجلاس کے بعد وزیر اعلی نتیش کمار نے کئی شرائط کے ساتھ ان رعایتوں کا اعلان کیا۔
وزیراعلی نتیش کمار نے اعلی افسران کے ساتھ میٹنگ کے فوراً بعد خود سوشل میڈیا نیٹ ورکنگ سائٹ ٹوئٹ پر ٹوئٹ کرکے لاک ڈاؤن ختم کئے جانے کی اطلاع دی ہے۔انہوں نے کہا ”لاک ڈاؤن سے کورونا انفیکشن میں کمی آئی ہے لیکن مکمل ختم نہیں ہوا ہے۔
50 فیصد حاضری کے ساتھ سرکاری اور پرائیویٹ دفاتر شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے۔ دکانیں کھلنے کا وقت صبح 7 بجے سے شام 4 بجے تک رہے گا۔”
نتیش کمار نے آگے ٹوئٹ کرکے کہا کہ اسکول و کالج فی الحال بند رہیں گے لیکن تدریسی کام آن لائن کئے جاسکیں گے۔ پرائیویٹ گاڑیاں چلنے کی اجازت رہے گی۔ یہ نظام اگلے ہفتے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ابھی بھی بھیڑ بھاڑ سے بچنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ کورونا کے انفیکشن کے پیش نظر بہار حکومت نے 5 مئی سے لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔ پہلی مرتبہ لاک ڈاؤن کی مدت میں 15 دنوں کی توسیع کی گئی تھی اور اس کی لاک ڈاؤن کی مدت 15 مئی تک تھی، جسے بڑھا کر 25 مئی کر دیا گیا ۔ اس کے بعد سی ایم کے اجلاس کے بعد لاک ڈاؤن کی مدت یکم جون تک بڑھا دی گئی تھی جسے پھر بعد میں 8 جون تک توسیع کیا گیا تھا اور اب نتیش کمار نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے پیغام دے کر لاک ڈاؤن ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔