- محکمہ تعلیم نے جمعہ کو اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیا ہے۔
- اساتذہ کو محکمہ امتناع کو دینی ہوگی اطلاع
پٹنہ، 29 جنوری (قومی ترجمان) بہار میں بچوں کو پڑھانے کے ساتھ ساتھ اب سرکاری اسکول کے اساتذہ شراب مافیا کے بارے میں محکمہ امتناع کو آگاہ کریں گے۔ محکمہ تعلیم نے جمعہ کو اس سلسلے میں ایک حکم نامہ جاری کیا ہے۔ محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری سنجے کمار کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ایسی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ کچھ لوگ اب بھی چھپ کر شراب پی رہے ہیں۔ اس کا برا اثر شراب پینے والے اور اس کے خاندان پر پڑ رہا ہے۔
محکمہ امتناع کو اطلاع دیں گے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں شراب کی فروخت پر روک لگانا بہت ضروری ہے۔ اس سلسلے میں ہدایت کی جاتی ہے کہ پرائمری اور مڈل سکولوں میں ایجوکیشن کمیٹی کا اجلاس بلا کر نشہ چھوڑنے کے حوالے سے ضروری معلومات فراہم کی جائیں۔ اس کے علاوہ پرائمری اور مڈل اسکولوں کے تمام ہیڈ ماسٹرز، ہائر سیکنڈری اسکولوں کے اساتذہ، شکشا سیوک، (تعلیمی مرکز)، اسکول ایجوکیشن کمیٹی کے اراکین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ لوگوں کو اس کے برے اثرات سے آگاہ کریں کہ شراب چوری چھپے نہ پئیں نہ سپلائی کریں۔
محکمہ نے اسکولی اساتذہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ شراب پینے والے لوگوں کی شناخت کریں اور معلومات دیں۔ محکمہ امتناع کا موبائل نمبر 9473400378، 9473400606 اور ٹول فری نمبر 18003456268/15545 پر اطلاع دیں ۔
لیٹر کے مطابق اطلاع دینے والے کی شناخت پوشیدہ رکھی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسکول کے دورانیے کے بعد چوری چھپے نشے کے عادی افراد اسکول کے احاطے کو بالکل استعمال نہ کر سکیں ۔ غور طلب ہے کہ بہار میں نافذ شراب بندی کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت نئے نئے فیصلے لے رہی ہے۔ اس سلسلے میں اب اساتذہ کو ایک بڑی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ تاہم اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اساتذہ حکومت کے اس کام میں کتنے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔