انڈین مجاہدین مقدمہ (گجرات) سزا یافتگان کو سروس مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سماعت ٹلی ، اگلی سماعت 28/ جولائی کو
فیصلہ کی انگریزی نقل حاصل کرنے کے لیئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا، گلزار اعظمی
ممبئی 11/ جون : گجرات انڈین مجاہدین مقدمہ میں سیشن عدالت کی جانب سے 38/ ملزمین کو پھانسی کی سزا دیئے جانے والے فیصلہ کی تصدیق کے لیئے گجرات حکومت نے گجرات ہائی کورٹ کی احمد آباد بیچ کے روبرو اپیل داخل کی ہے، گجرات حکومت کی اپیل پر آج دو رکنی بینچ کے جسٹس وپول ایم پنچولی اور جسٹس راجندر سرین کے روبرو سماعت عمل میں آئی جس کے دوران سرکاری وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ تمام سزا یافتگان کو نوٹس ارسال کی گئی تھی جس میں سے کچھ ہی لوگوں نے نوٹس کو قبول کیا ہے اور بقیہ لوگوں نے نوٹس لینے سے انکار کردیا۔
وکلاء نے عدالت کو مزید بتایا کہ چند ملزمین نے لیگل ایڈ سے انہیں وکلاء دیئے جانے کی گذارش کی ہے جس کی روشنی میں ریاستی لیگل ایڈ کمیٹی نے وکلاء کی تقرری کے لیئے طریقہ کار شروع کیا گیا ہے لیکن چند ہی ملزمین نے لیگل ایڈ سے قانونی امداد طلب کی ہے۔
اسی درمیان نچلی عدالت میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کی جانب سے ملزمین کا دفاع کرنے والے سینئر ایڈوکیٹ ایم ایم شیخ نے عدالت کو بتایا کہ نچلی عدالت کے فیصلہ کے خلاف اپیل داخل کر نے کی تیاری جاری ہے،نچلی عدالت کا ریکارڈ بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے اپیل تیار کرنے میں وقت لگ رہا ہے لہذا عدالت عدالت ان سب باتوں کے مد نظر سماعت کی اگلی تاریخ متعین کرے۔
ایڈوکیٹ ایم ایم شیخ نے عدالت کو مزید بتایا کہ 7000ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل گجراتی زبان میں تحریر سیشن عدالت کے فیصلہ کا مطالعہ کیا جارہا ہے نیز ہزاروں صفحات پر مشتمل چارج شیٹ کو پڑھنا بھی آسان نہیں ہے نیز ابھی تک انہیں پیپر بک (سیشن عدالت کا ریکارڈ) کا ریکارڈ مہیا نہیں کرایا گیا ہے نیز ٹرائل کورٹ کے فیصلہ کا انگریزی ترجمعہ بھی ابھی تک ملزمین کو مہیا نہیں کرایا گیا ہے جس کی وجہ سے اپیل کی تیاریوں میں دقتوں کا سامنا ہے۔۔
فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے 28 /جولائی تک سماعت ملتوی کردی اور استغاثہ کو حکم دیا کہ وہ اس درمیان بقیہ کارروائی مکمل کرے۔دوران سماعت عدالت میں ایڈوکیٹ خالد شیخ، ایڈوکیٹ شاہد ندیم و دیگر موجود تھے۔
اس ضمن میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزاراعظمی نے ممبئی میں بتایا کہ پھانسی کے سزا پانے والے زاہد قطب الدین شیخ،عمران ابراہیم شیخ، اقبال قاسم شیخ،شمش الدین شہا ب الدین شخ، غیاث الدین عبدالسلیم انصاری، عارف بھائی اقبال کاغذی، محمد عثمان اگر بتی والا، یونس محمد منصوری، عامل پرواز، شبلی عبدالکریم، صفدر حسین ناگوری، محمد ساجد منصوری، مفتی ابوالبشر، عباس عمر سمیجا، جاوید صغیر احمد، محمد اسماعیل عبدالرازق، افضل عثمانی، محمد عارف بدرالدین، آصف بشیر الدین، محمد عارف نسیم احمد، قیام الدین کاپڑیا، محمد سیف، ذیشان احمد، ضیاء الرحمن، محمد شکیل، محمد اکبر، فضل الرحمن، احمد ابو بکر باوا، شرف الدین ای ٹی سین الدین، سیف الرحمن، شادولی اے کریم،تنویر محمد اکبر، امین ایوب، مبین شکور، عالم زیب آفریدی اور توصیف خان صغیر احمد کی جانب سے اپیل داخل کی جائے گی
اسی طرح عمر قید کی سزا پانے والے ملزمین عتیق الرحمن عبدالحکیم خلجی، انیق شفیق سید،مہندی حسن،عمران احمد سراج احمد،محمد علی محرم علی،محمد صادق اسرار، رفیع الدین کاپڑیا،محمد نوشاد،محمد انصار،محمد شفیق عبدالباری،ابرار بابو خان منیار کی جانب سے بھی اپیل داخل کرنے کے لیئے جمعیۃ علماء تیار ہے لیکن ابتک صرف 31/ ہی ملزمین یا ان کے اہل خانہ کی جانب سے درخواست موصول ہوئی ہے لہذا انہیں لوگوں کی جانب سے اپیل داخل کی جائے گی جن ملزمین نے جمعیۃ علماء سے درخواست کی ہے۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ نچلی عدالت کے فیصلہ کی انگریزی نقل حاصل کرنے کے لیئے گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا کیونکہ سیشن عدالت نے فیصلہ کی انگریزی نقل دینے سے انکار کردیا ہے